خبریں

قطر کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی ’نئی راہیں‘ تلاش کرنے کی دعوت/ اردو ورثہ

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جمعرات کو قطر کے وزیر تجارت و صنعت شیخ فیصل بن ثانی بن فیصل آل ثانی سے اسلام آباد میں ملاقات میں قطری سرمایہ کاروں کو حکومت کے سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) فریم ورک کے تحت تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کی دعوت دی ہے۔

قطری وزیر پاکستان- قطر مشترکہ وزارتی کمیشن کے چھٹے اجلاس کی شریک صدارت کے لیے پاکستان کے دورے پر تھے۔ دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ وزارتی کمیشن کا اجلاس 22 اور 23 اکتوبر 2025 کو اسلام آباد میں منعقد ہوا۔

اس اجلاس کے دوران دونوں ممالک نے مختلف شعبوں میں تعاون کے متعدد پروٹوکولز پر دستخط کیے اور دوطرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون کو بڑھانے کا عزم کیا گیا۔ اس اجلاس کو پاکستان قطر تعلقات میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا گیا ہے۔

چھٹے پاکستان-قطر مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس کا بنیادی ایجنڈا دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنا، تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینا، انفراسٹرکچر، توانائی، صحت، تعلیم اور ثقافتی تبادلے جیسے مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانا تھا۔

اس کے علاوہ، دونوں ممالک نے علاقائی سلامتی اور عالمی امور پر ایک دوسرے کے ساتھ مشاورت پر بھی زور دیا۔ اجلاس میں مختلف اہم تجارتی اور اقتصادی پروٹوکولز پر دستخط کیے گئے تاکہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جایا جا سکے۔

ملاقات میں میزبان وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے پاکستان قطر تعلقات کی مثبت سمت پر اطمینان کا اظہار کیا جو کہ مشترکہ عقیدے، اقدار اور باہمی احترام پر مبنی ہیں۔

وزیراعظم نے پاکستان کے ایک اہم شراکت دار اور با اثر علاقائی ثالث کے طور پر قطر کے کردار کو سراہا اور توانائی، زراعت، غذائی تحفظ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سیاحت اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے مواقعوں پر زور دیتے ہوئے دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے تعاون کو بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔

شیخ فیصل بن ثانی بن فیصل آل ثانی نے قطری قیادت کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ اقتصادی روابط کو مزید گہرا کرنے کے لیے قطر کے عزم کا اعادہ کیا۔ 

انہوں نے کہا کہ مشترکہ وزارتی کمیشن کے چھٹے اجلاس نے موجودہ تعاون کا جائزہ لینے اور باہمی فائدہ مند شراکت داری کو آگے بڑھانے کے لیے نئے اقدامات کی نشاندہی کرنے میں ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کیا۔

 وزیراعظم نے علاقائی اور عالمی مسائل پر قطر کی مسلسل حمایت پر پاکستان کی جانب سے تعریف کا اظہار کیا اور علاقائی اور کثیرالجہتی فورمز پر تعاون کو مضبوط بنانے کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا۔

 دونوں رہنماؤں نے مشترکہ افہام و تفہیم کو ٹھوس نتائج میں تبدیل کرنے کے لیے قریبی روابط بحال رکھنے پر اتفاق کیا، جس میں کاروبار سے کاروبار کے روابط اور سرمایہ کاری کے منصوبوں کے لیے مزید سہولتیں شامل ہیں۔


Author

0 0 votes
Article Rating
Subscribe
Notify of
guest

0 Comments
Inline Feedbacks
View all comments

Related Articles

Back to top button
0
Would love your thoughts, please comment.x
()
x