
اک تصویر نے محرم سے مجرم بنا دیا
اور یہ تصویر کسی تھانے میں نہیں لگی
بلکہ ہمارے شناختی کارڈ پہ لگی ہوتی ہے
نادرا جو ہم سب کی شناخت کے کام میں دن رات لگاہے
کہ ثابت کر سکے کہ ہمارا کوئی وجود ہے یا نہیں
ہم زندہ ہیں یا مردہ
اور پاکستان میں رہتے ہوئے بھی خلائی مخلوق کے زمرے میں نہیں آتے
یہ مخفف ہے انگلش کے الفاظ کے مجموعے کا
National Database and Registration Authority
،اچھا بھلا بندہ خواہمخواہ تشویش ناک نہیں ۔۔تفتیش ناک لگنے لگتا ہے۔۔ انسان جتنا مشکوک اور ڈرؤانا شناختی کارڈ پہ لگی تصویر میں لگ رہا ہوتا ہے ، سو کے آٹھ کے بھی نہیں لگتا اور شاید خواتین بھی بنا میک اپ اتنی دلسوز نظر نہیں آتی ہیں جتنی کہ شناختی کارڈ کی تصویر سے۔۔شکر ہے لوگ لڑکے اور لڑکی کی فلٹر والے کیمرے کی تصویر دیکھ کر رشتہ مانگنے آتے ہیں ۔۔خدا کی قسم اگر پہلے شناختی کارڈ دیکھیں اور پھر اصل۔بندے کی طرف راغب ہوں تو پھر کسی کا رشتہ عزت اور سکون سے نہ ہو سکے
بھئ کمال تصویر بناتے ہیں،نجانے کس دور کے کیمرے ہیں کہ انسان کی اندرونی کیفیت اور مذموم سوچوں کو چہرے پہ منعکس کرکے دکھاتے ہیں۔۔شاید اسی لیے اللہ نے فرمایا تم دوسروں کے عیبوں پہ پردہ ڈالو۔۔میں تمھارے عیبوں پہ ڈالوں گا۔لیکن۔نادرا والے اس فرمان میں عمل۔کیوں نہیں کرتے،
خاتون جتنی بھی تیکھے نقوش کی حامل ہو۔۔ ناک ستواں آنکھ غزل بھنویں تیر کمان اورگردن صراحی دار ۔مگر نادرا کا سلوک ظالم ساس یا سوتن والا ہوتا ہے وہ عیب بھی گنوا دیتے ہیں جو خال خال کسی پہ آشکار ہوں ،
کمال کر دیا اس طریقے کار نے الیکشن کے دنوں میں ووٹ ڈالنے میں اتنی دیر نہیں لگتی جتنی ووٹر کی شکل اس کی شناختی کارڈ کی تصویر سے ملاتے ہوئے لگتی ہے
مجال ہے کہ اصل اور تصویر میں ذرا سی بھی ہم آہنگی ہو
طلاق دینے والے میاں کو بھی بیوی میں اتنے عیوب نظر نہیں آئیں گے جتنا کی شناختی کارڈ میں اتاری جانے والی تصویر میں اصل کی نسبت نظر آتے ہیں ۔۔توبہ
کئی بار تو صفائی دینی پڑتی ہے
حلفیہ بیان دینا پڑتاہے
کہ یہ ہم ہی ہیں
اللہ بھلا کرے ۔۔””انگوٹھا لگوائی کی رسم کا۔۔””۔
یہ واحد رسم ہے جس میں ہندو مسلمان سب برابر کے شریک ہیں ۔بابائے قائد کی سوچ کے عین مطابق ،
پارسی ,عیسائی، ہندو اور مسلمان ۔۔
سب کا ہے یہ پیارا وطن پاکستان ۔۔
نادرا زندہ باد
پاکستان پائندہ باد
اگر یہ ساری دنیا میں رائج نہ ہوتا تو ہم میں سے اکثر جعلی تصویر کے چکر میں دھر لیے جاتے اور پولیس والے کہتے کہ ارےمیاں !کس کا شناختی کارڈ لیے پھر رہے اور بہت گھمبیر صورتحال میں یہ بھی ہو سکتا ہے کہ کس کی بیوی کس کے ساتھ پھر رہی ہے۔۔۔
خدارا۔!!۔”” نادرا رحم ۔۔۔رحم …رحم””
بے شک دل سے دل نہ ملے
مگر کچھ تو شکل سے شکل ملنے دیجیے
مانا کہ ہم اتنے خوبصورت نہیں ہوتے جتنے فلٹرڈ کیمرے والے فون سے لی گئ تصویر میں نظر آتے ہیں
مگر خدا کو حاضر ناضر جان کر جو کہیں گے
سچ کہیں گے
سچ کے سوا کچھ نہیں کہیں گے
ہم اتنے ڈراؤنے نہیں
جتنا کہ آپ ہماری شناختی کارڈ کی تصویر سے ثابت کرتے ہیں !!




