غزہ: شمالی غزہ میں اسرائیلی فورسز نے ہولناک بمباری کر کے 64 فلسطینی شہید کر دیے۔
الجزیرہ کے مطابق اسرائیل کے فضائی اور زمینی حملوں میں غزہ میں کم از کم چونسٹھ فلسطینی شہید ہو گئے ہیں، جن میں سے 28 افراد کمال عدوان اسپتال کے قریب ایک گھر پر حملے کے نتیجے میں شہید ہوئے۔
تباہ ہونے والی عمارت کے ملبے میں مزید درجنوں فلسطینیوں کے دبے ہونے کی اطلاعات ہیں، نصیرات کیمپ پر اسرائیلی بمباری میں 20 فلسطینی شہید ہوئے، غزہ شہر میں اسرائیلی حملوں میں 9 فلسطینی شہید ہوئے، جب کہ جنوبی غزہ میں اسرائیلی فورسز کے 2 فوجی بھی مارے گئے ہیں۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ کی پٹی پر رات گئے سے بمباری اور زمینی حملے جاری ہیں، علاقے میں موجود الجزیرہ عربی کے نامہ نگاروں نے جنوب میں رفح شہر کے مرکز اور شمال میں شیخ زید اور زیتون کے محلوں کے ساتھ ساتھ کمال عدوان اسپتال کے آس پاس کے علاقوں میں اسرائیلی حملوں کی اطلاع دی ہے۔ نامہ نگاروں نے یہ بھی بتایا کہ شمال میں جبالیہ پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی فوج اور فلسطینی جنگجوؤں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں۔
7 اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں اب تک کم از کم 35,386 افراد شہید اور 79,366 زخمی ہو چکے ہیں۔ اسرائیل کی جانب سے غزہ میں تباہ کن دراندازی کے دوران گزشتہ ایک ہفتے کے دوران کم از کم 9 لاکھ فلسطینی ایک بار پھر جبری طور پر بے گھر ہو گئے ہیں۔