
اے میری پیاری کامیابی!
امید کرتی ہوں تم سے ایک پرسکون اور قابلِ ستائش ملاقات کا یہ سفر یونہی جاری رہے گا۔
تم نے ثابت کر دیا کہ تم زندگی کا سب سے انمول تحفہ ہو،
جسے پانے کے لیے محنت، لگن اور مسلسل جستجو درکار ہوتی ہے۔
بیچ راستے میں تھک کر بیٹھنے والوں کے ہاتھ سے تم
ریت کی طرح پھسل جاتی ہو،
اور نااُمیدی و شکستگی کے ہولناک اندھیروں میں
امید کا روشن جگنو بن کر ٹمٹماتی ہو۔
تم نے انسان کو ایمانداری، بلند ہمتی اور روشن خیالی کی راہ پر چلنا سکھایا۔
یہ بھی باور کروایا کہ وہی رشتے پروان چڑھتے ہیں
جنہیں خلوصِ نیت سے پالا جاتا ہے۔
نیک نامی اور رزق کے بلند پہاڑ سر کرنے کے لیے
منفی سوچ اور نفس کے پتھریلے راستوں کو
قدموں تلے روندنا پڑتا ہے۔
تم نے میرے آنگن میں قدم رکھ کر یہ سکھایا
کہ قسمت مایوسی اور بددلی سے نہیں،
بلکہ مستقل مزاجی اور عمدہ طرزِ عمل کی سیاہی سے لکھی جاتی ہے۔
اگر تمہیں پانے کا جنون نہ ہوتا
تو شاید میں کبھی اتنی باہمت، مضبوط اور پُراعتماد نہ ہوتی۔
شکریہ، میری پیاری کامیابی!




