حمد ونعت
نعت /روشن قدم قدم پہ مدینے کی راہ ہے/ محمد سلیم طاہر

نعت ِرسول ِ کریم
صلّی اللّہ علیہ و آلہ وسلّم
روشن قدم قدم پہ مدینے کی راہ ہے
دُنیا تَجَلّیات کی آماجگاہ ہے
جس دِن ترا نہ ذِکر کرے نُطق ِکم نسب
وہ دِن مری حیات کا یوم ِ سیاہ ہے
اُونچا ہے جس جگہ پہ فقیروں کا مرتبہ
روۓ زمیں پہ ایک تری بارگاہ ہے
رکھنا سروں پہ ہاتھ غریبوں کے بادشہ
یہ عاجزوں کی فوج ہے تیری سپاہ ہے
تیرے شعور ِسبز سے شاداب ہے جہاں
سیراب تیرے خُلق سے آب و گیاہ ہے
عقل و خِرد ہیں خَیر کے مَنصب پہ سرفراز
اُس کی گلی میں عِجز کے سر پر کُلاہ ہے
اُس کی گلی میں سارے کماں دار ہیچ ہیں
وہ ایک بادشہ ہے جو عالم پناہ ہے
وہ اپنی ذات میں یَک و تنہا و مُنفَرِد
اور اس سے آگے سوچنا حدّ ِگُناہ ہے
محمد سلیم طاہر



