نظم
اودیسا / کوکب علی
اودیسا
میں تمھیں حرف آخریں سمجھتی ہوں
تم میری سوچ کے سب سے
اونچے زاوئیے پر ہو
بد یقینی کی تتلیاں جب
میرے تصور کے نرم گوشوں کو
اپنے پروں سے کھرچتی ہیں
تو ، کسی اولیں دعا کی صورت
تم میرے دل میں دھڑکتے ہو
میں تمھارے ہر طاقچے کی مٹی کو سنوارنے کے لئے
ازل سے کچھ رنگ لے کر آئی ہوں
تمھاری خوبصورتی کو بیان کرنے کے لئے
ابد تک بھرتی رہوں گی
دیکھو ۔۔۔!!! میں کتنی مصروف رہوں گی
لوگ جب امریکہ ، کینیڈا ، جرمنی ، برطانیہ
اور فرانس کی باتیں کریں گے
میں تمھاری باتیں کروں گی !!!




