خبریں

مبینہ دھاندلی پر پی ٹی آئی کا احتجاج: علی امین گنڈاپور آج وزیراعلیٰ کا حلف اٹھائیں گے


پاکستان میں عام انتخابات 2024 کے بعد حکومت سازی اور دیگر سیاسی سرگرمیوں پر انڈپینڈنٹ اردو کی لائیو اپ ڈیٹس۔

  • سردار ایاز صادق نے سپیکر قومی اسمبلی کا حلف اٹھا لیا
  • پیپلز پارٹی کے سید غلام مصطفیٰ شاہ ڈپٹی سپیکر منتخب
  • علی امین گنڈاپور خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ منتخب، حلف آج ہو گا
  • وزیراعظم کا انتخاب اتوار کو ہو گا
  • سرفراز بگٹی بلوچستان کے بلامقابلہ وزیر اعلیٰ نامزد، رائے شماری آج

دو مارچ صبح نو بجکر 55 منٹ

نامزد وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کو وزیراعلیٰ کا پروٹوکول دے دیا گیا

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور نامزد وزیراعلیٰ بلو چستان میر سرفراز بگٹی کووزرات اعلیٰ کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے بعد وزیراعلیٰ کا پروٹوکول دے دیا گیا۔

بلوچستان اسمبلی آج نیا قائد ایوان منتخب کررہی ہے۔ اجلاس صبح گیارہ بجے سپیکر عبدل خالق اچکزئی کی صدارت میں ہو گا۔

صحافی اعظم الفت کے مطابق گذشتہ روز شام پانچ بجے تک نئے قائد ایوان کے لیے صرف پیپلز پارٹی کے میر سرفراز بگٹی کے کاغذات مقررہ وقت تک جمع ہوئے۔

نومنتخب سپیکر عبدل خالق اچکزئی نے بھی تصدیق کی ہے کہ مقررہ وقت تک چار کاغذات نامزدگی جمع ہوئے۔ چاروں کاغذات میر سرفراز بگٹی کے تھے۔

اسمبلی رولز 15 کی ذیلی شق ایک کے تحت عام انتخابات کے بعد اسمبلی کی حلف برداری، سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کے بعد بنا کسی کاروائی یا بحث کے ایوان نے کسی ایک رکن کو قائد ایوان یا وزیراعلیٰ کے لیے منتخب کرنا ہوتا ہے۔


دو مارچ صبح نو بجکر 20 منٹ

وزیراعظم کا انتخاب اتوار کو ہو گا

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے وزیراعظم کے انتخاب کا شیڈول جاری کر دیا۔

سیکریٹریٹ سے جمعرات کو جاری کردہ شیڈول میں کہا گیا کہ وزیراعظم کے انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی دو مارچ کو دن دو بجے تک وصول کیے جائیں گے، جس کے بعد اسی دن تین بجے تک کاغذات کی جانچ پڑتال ہو گی۔

کاغذات نامزدگی قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے شعبہ قانون سازی سے لیے جا سکتے ہیں۔

کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے دوران تجویز اور تائید کنندگان کا موجود ہونا لازمی ہو گا۔


دو مارچ صبح آٹھ بجکر 10 منٹ

سرفراز بگٹی بلا مقابلہ وزیراعلیٰ بلوچستان نامزد، رائے شماری آج ہو گی

سابق نگران وزیر داخلہ اور پیپلزپارٹی کے رہنما سرفراز بگٹی بلامقابلہ وزیراعلیٰ بلوچستان نامزد ہو گئے۔ انہیں وزیراعلیٰ منتخب ہونے کے لیے سادہ اکثریت یعنی 33 ووٹ درکار ہوں گے۔

سیکرٹری بلوچستان اسمبلی کے مطابق بلامقابلہ وزیراعلیٰ نامزد ہونے کے باوجود وزیراعلیٰ کے لیے ہفتے کو ایوان میں رائے شماری ہو گی۔

سیکرٹری بلوچستان اسمبلی طاہر شاہ کاکڑ کے مطابق وزارت اعلیٰ کے لیے سرفرازبگٹی کے چار کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ان کے علاوہ کسی دوسرے امیدوار نےکاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے۔

انہوں نے بتایا کہ بلامقابلہ نامزد ہونے کے باوجود وزیراعلیٰ منتخب ہونے کے لیے سرفراز بگٹی کو رائے شماری میں 33 اراکین کی حمایت درکار ہوگی۔

وزارت اعلیٰ کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لیے کل شام پانچ بجے تک کا وقت مقرر تھا۔


دو مارچ صبح سات بجکر 40 منٹ

مبینہ دھاندلی کے خلاف پی ٹی آئی کا احتجاج: علی امین گنڈاپور آج وزیراعلیٰ کا حلف اٹھائیں گے

پاکستان تحریک انصاف عام انتخابات 2024 میں مبینہ دھاندلی کے خلاف آج دن 11 بجے احتجاج کر رہی ہے جبکہ خیبر پختونخوا کے منتخب وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور آج اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کے اس احتجاج کی کال بانی تحریک انصاف عمران خان کی ہدایت پر جاری کی گئی ہے۔

پی ٹی آئی نے ایکس پر ایک پوسٹ میں اسے ’عوامی مینڈیٹ کی چوری کے خلاف پرامن مارچ‘ قرار دیتے ہوئے مختلف شہروں میں احتجاج کے مقامات شیئر کیے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر نے بھی ایکس پر مختلف شہروں کے وہ مقامات شیئر کیے جہاں احتجاج ہونا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما رؤف حسن کا کہنا ہے کہ احتجاج کا فوری مقصد ’عوامی مینڈیٹ کی چوری کو ریورس‘ کرنا ہے۔

انہوں نے جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ ان کی جماعت کے پاس تین آپشن ہیں۔ پہلا اسمبلیوں میں رہ کر جدوجہد کرنا، دوسرا قانونی راستہ، جس کے لیے مختلف فورمز سے رجوع کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ تیسرا آپشن احتجاج کے ذریعے بھرپور طاقت کا مظاہرہ کرنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جو بھی ان کی کوششوں میں شامل ہونا چاہتا ہے وہ اسے خوش آمدید کہیں گے اور اگر کوئی شامل نہ ہونا چاہے تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہم اپنی کوششیں ختم کر دیں گے۔

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔





Source link

Author

Related Articles

Back to top button