کراچی سے اغوا ہونے والی لڑکی نے پسند کی شادی کرلی، پولیس کا انکشاف

کراچی : لڑکی کے اغوا کے معاملے پر پولیس رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ اغوا ہونے والی لڑکی نے لاڑکانہ میں پسند کی شادی کرلی، لڑکی نے اپنا بیان ریکارڈ کرایا کہ مجھے کسی نے اغوا نہیں کیا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں محمود آباد کےعلاقے سے لڑکی کے اغوا کے معاملے پر سماعت کی، پولیس کی جانب سےپیش رفت رپورٹ عدالت میں جمع کرائی گئی۔
پولیس رپورٹ میں بتایا گیا اغوا ہونے والی لڑکی نے لاڑکانہ میں پسند کی شادی کرلی، لڑکی نےاپنا بیان ریکارڈ کرایا کہ مجھے کسی نے اغوا نہیں کیا۔
لیاقت گبول ایڈووکیٹ نے کہا کہ لڑکی کوکراچی کی عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا جائے، جس پر عدالت نےایس ایس پی لاڑکانہ کو 20 اگست تک لڑکی کوپیش کرنے کاحکم دے دیا۔
دوسری جانب سندھ ہائیکورٹ میں پسند کی شادی کرنے والی نواب شاہ کی ثناء کی بازیابی سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔
وکیل درخواست گزارنے عدالت میں کہا کہ ثناء نے رواں سال حنیف کھوسو سے پسند کی شادی کی تھی ، شادی کے بعد دونوں کورنگی کراچی میں رہائش پذیر تھے ،دونوں کو چند ہفتے پہلے کورنگی سے اغواء کرلیا گیا تھا۔
وکیل درخواست گزارکا کہنا ہے کہ حنیف کھوسو کے خلاف منشیات کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ، ثنا تاحال لاپتا ہے بازیاب کرانے کا حکم دیا جائے
عدالت نے محکمہ داخلہ سندھ ،آئی جی سندھ و دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین سے تین ہفتوں میں جواب طلب کرلیا۔




