ایس پی عدیل اکبر کی اپنی ہی گاڑی میں گولی لگنے سے موت: اسلام آباد پولیس/ اردو ورثہ
اسلام آباد پولیس نے جمعرات کو بتایا ہے کہ ایس پی انڈسٹریل ایریا عدیل اکبر کی اپنی ہی گاڑی میں فائر لگنے سے موت ہو گئی ہے جس کی تفتیش جاری ہے۔
ایس پی انڈسٹریل ایریا عدیل اکبر کی موت کے حوالے سے کئی متضاد خبریں سامنے آ رہی ہیں۔
تاہم اسلام آباد پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایس پی آئی نائن عدیل اکبر کانسٹیٹیوشن ایونیو سے اپنے دفتر کی طرف جا رہے تھے جب ’راستے میں اپنی ہی گاڑی کے اندر فائر‘ لگنے سے ان کی موت ہو گئی ہے۔
پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ اس واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
اس واقعے کے بارے میں تاحال زیادہ تفصیلات سامنے نہیں آ سکی ہیں تاہم پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے میڈیا کو باضابطہ طور پر آگاہ کیا جائے گا۔
اس سے قبل اسلام آباد پولیس کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ پر جمعرات ہی کو عدیل اکبر کی چند تصاویر جاری کی گئی تھیں جن کے ساتھ لکھا تھا کہ انہوں نے جمعرات کو حاجی کیمپ کا دورہ کیا تھا۔
اسلام آباد پولیس کے مطابق عدیل اکبر کو حال ہی میں اسلام آباد پولیس میں انڈسٹریل ایریا کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کے طور پر شامل کیا گیا تھا۔
انہوں نے گورننس اور پبلک پالیسی میں ایم فل کی ڈگری نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد سے حاصل کی۔
عدیل اکبر نے اپنے کیریئر کا آغاز بطور اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کیا اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں نمایاں خدمات انجام دیں، جہاں انہوں نے کئی پولیس یونٹس کی قیادت کی۔
ان کی مہارت کے شعبے سکیورٹی مینجمنٹ، کمیونٹی پولیسنگ، انسانی حقوق کا تحفظ، انسداد دہشت گردی، انسانی وسائل کا انتظام، پولیس آپریشنز، سکیورٹی تجزیہ اور بحرانوں سے نمٹنے کی صلاحیت پر محیط تھے۔




