کیسے بنجر دل ہیں / وفا تبسم

کیسے بنجر دل ہیں یہ۔۔۔جہاں محبت کی کوئی فصل نہیں اگتی۔۔۔ جہاں صرف نفرت کی تیز دھوپ چمکتی ہے اور ان کالے دل والوں کو تو جلا ہی چکی ہے مگر محبت کرنے والے دلوں کو بھی جلا کر راکھ کر دیتی ہے۔۔۔ کیسی تعفن زدہ روحیں ہیں ان کی۔۔۔ جن کا کسی خوشبو سے تو دور کا بھی واسطہ نہیں مگر جن سے اٹھتا ہوا نفرت اور نام نہاد غیرت کا تعفن دوسروں کو بھی نہیں جینے دیتا
ہمارے دین فطرت نے۔۔ مذہب نے اللہ اور اس کے رسول نے تو صرف اور صرف محبت کا پرچار کیا ہے یہ کائنات تو تخلیق ہی محبت کے روشن ۔۔۔ توانا اور نہ ختم ہونے والے جذبے پہ ہوئی ہے۔۔۔کائناتی روح کا عنصر ہی محبت ہے تو پھر۔۔۔ یہ "غیرت مند” افراد چاہے کسی بھی علاقے کسی بھی قبیلے اور کسی بھی مذہب کے ہوں… کہاں سے ا جاتے ہیں کیا یہ خود کو مسلمان کہتے ہیں ؟؟؟کیا یہ خود کو” غیرت مند "کہتے ہیں ؟؟؟
یہ تو غیرت کے لیے گالی ہیں یہ تو اسلام کے نام پہ بھی دھبہ ہین ۔۔۔کلنک ہیں کیا یہ سچ مچ غیرت ہے ارے غیرت کا حقیقی مطلب اور اس کا صحیح استعمال تو سمجھ لو
ایک بیاہی ہوئی بہن کو۔۔ بیٹی کو بیچ میدان کھڑا کر کے مار دینا کیا یہ غیرت ہے یہ خود غیرت کا جنازہ ؟؟
باہمی رضا مندی اور پسند سے نکاح کی اجازت تو خود اسلام دیتا ہے اور ایک عین حلال اور باعث رحمت کام کرنے پہ ایک عورت کو مار دینا کیا غیرت ہے یا انتہا درجے کی کم ظرفی بزدلی اور بے شرمی؟؟ !!!
افرین ہے ان غیرت مند جوانوں پہ ان "باپوں” پہ اور ان "بھائیوں” پہ اور ان نام نہاد” مردوں” پہ۔۔۔
شیتل میری کچھ نہیں لگتی تھی لیکن اگر یہ واقعہ میری روح کو لرزا دیتا ہے۔۔۔ میری انکھ رو پڑتی ہے اور میرا دل کانپ کانپ جاتا ہے تو ۔۔۔گولیاں چلانے والے کیا اتنے شقی القلب تھے کہ ان کے ہاتھ بھی نہ کانپے۔۔؟؟؟
کچھ نہیں ہے کہنے کو۔۔۔ سوائے اس کے کہ اے محبت سے لبریز روشن پاک اور معطر روحو اچھا کیا تمہیں مار دیا گیا یہ دنیا اس قابل ہی نہ تھی کہ تم یہاں رہتے یہ تم جیسے انسانوں کے رہنے کے لائق ہی نہیں تم جیسے لوگ یہاں زیادہ دیر جی ہی نہیں سکتے۔۔۔ جاؤ اپنے رب کے پاس۔۔وہ تمہیں پناہ دے گا اپنی رحمت کی چھاؤں میں ۔۔۔اورجنت کی فضاؤں میں ہمیشہ کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ رہو اور محبت کی ابدی زندگی جیو۔۔۔ ان "غیرت مند” لوگوں کی پہنچ سے بہت دور… !!!
نظم۔۔۔
یہ جو لاشہ ہے ایک عورت کا۔۔
اپنے ہی خون میں نہایا ہوا۔۔
کیا فقط جسم ہے اک عورت کا۔ ۔۔!
یا اک عظیم واقعہ ہے غیرت کا۔۔۔!
جو سمجھ سکو تو بتاؤں تم کو ۔۔۔!!!
سچ تو یہ ہے۔۔۔
پوری انسانیت کے چہرے پر۔۔یہ ۔۔
اک طمانچہ ہے ۔۔۔ایک گالی ہے۔۔!!!




