ڈاکٹر عبدالقدیر ایٹمی سائنسدان ہیروصرف نواز شریف ہیں رانا ثناء اللہ / ظفر اقبال

غیر جانبدارانہ الیکشن تک سیاسی نظام اور اسمبلیاں مضبوط نہیں ہو سکتیں۔ راجہ پرویز اشرف
سابق وزیرِ اعظم اور پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ” غیر جانبدارانہ الیکشن تک سیاسی نظام اور اسمبلیاں مضبوط نہیں ہو سکتیں "اور چونکہ ملک میں غیر جانبدار الیکش کا انعقاد ممکن ہی نہیں اس لیے نہ سیاسی نظام مضبوط ہو سکتا ہے اور نہ اسمبلیاں اس لیے ہمیں کمزور نظام اور نحیف و نزار اسمبلیوں پر ہی گزارا کرنا پڑے گا کیونکہ خاص طور پر کوئی بھی صوبائی اسمبلی غیر جانبدارانہ الیکشن نہیں چاہتی کیونکہ وہ ہارنا نہیں چاہتی اس لیے کسی صوبائی حکومت سے یہ امید نہیں رکھی جا سکتی کہ وہ اپنے ہارنے کا رسک لے کر غیر جانبدارانہ الیکشن کروا دے اس لیے مستقبل میں کسی بھی غیر جانبدارانہ الیکشن کی توقع کرنا با لکل ہی فضول ہے اور یہ الیکشن اسی طرح ہوتے رہیں گے اور سارا کام اسی طرح چلتا رہے گا اس لیے سوائے صبر کے کوئی چارا نہیں ہے آپ اگلے روز لاہور سے ایک بیان جاری کر رہے تھے۔
دوجا پاسا
یہ ممتاز شاعرہ انجم قریشی کا پنجابی مجموعہ کلام ہے جسے سانجھ پبلیکیشنز بکس سٹریٹ مزنگ روڈ لاہور نے شائع کیا ہے انتساب اس طرح سے ہے احمد تے علی دے ناں جیڑھے میری ککھ دے ویڑے وچ کھیڈ دے، میرے ماں لئی جھدے نال میریاں لڑائیاں مک گیاں نے تے میرے پیؤ واسطے جھدے نالوں سوہنا ہالی وی کوئی نئیں۔ ٹاٹئل سلیم قریشی نے بنایا ہے اور قیمت 250 روپے رکھی گئی ہے وچلی گل کے عنوان سے مصنفہ کا پیش رفت درج ہے شکر گزاروں کے نام پر سلیم قریشی، طارق اعظم، عاشق علی فیصل، زاہد حسن اور نادر علی کے نام ہیں پسِ سرورق شاعرا کی تصویر درج ہے۔
زلزلہ
میاں اور اس کی موٹی بیوی سوئے ہوئے تھے کہ آدھی رات کے قریب زلزلہ آیا اور بیوی بیڈ پر سے گر پڑی جس پر میاں بولے،
” بیگم تم زلزلے کی وجہ سے گری ہو یا زلزلہ تمہارے گرنے کی وجہ سے آیا ہے ”
آج کا مطلع
یہاں کسی کو بھی کچھ حسبِ آرزو نہ ملا
کسی کو ہم نہ ملے اور ہم کو تْو نہ ملا




