آپریشن بنیانِ مرصوص , پاکستان کی عظیم فتح/ سعید آسی
یہ درحقیقت دو قومی نظریہ کی بھی فتح ہے جسے بھارت خلیج بنگال میں ڈبونے کا داعی رہا ہے۔

ہمارے بزدل اور مکار گیدڑ دشمن بھارت نے اپنی مسلسل شرانگیزیوں اور جارحانہ کارروائیوں سے پاکستان کو اینٹ کا جواب پتھر سے دینے کے مصداق ”اپریشن بنیان مرصوص“ کا آغاز کرنے پر مجبور کر دیا جس کے آغاز ہی میں پاکستان کے شاہینوں‘ جوانمرد غازیوں اور ملک و ملت کے محافظ بہادر مجاہدوں کو وہ کامرانیاں حاصل ہوئیں کہ بھارتی میڈیا چیختا‘ چلاتا ہوا مودی سرکار کو کوسنے دیتا نظر آیا اور اس کے اینکرز دُہائی دینے لگے کہ اس وقت بھارت کے تمام ایئرویز آگ کے گولے میں بدلتے نظر آرہے ہیں۔ جب آپ اپنی ایئرویز کو نہیں بچا پائے تو جَنتا کو کیا بچائیں گے۔
ہندوتوا کے اسیر بھارت نے اپنے 22 اپریل کے پہلگام ڈرامے کے ساتھ ہی پاکستان کیخلاف جنگ کا ماحول گرما دیا اور مودی سرکار نے پاکستان کی سلامتی پر اوچھا وار کرنے کے شروع دن کے ایجنڈے کے مطابق بے تابی کے ساتھ اپنے ذہنی خلجان کو بروئے کار لاتے ہوئے جنگی جنونی اقدامات اٹھانے کے فیصلے کرنا شروع کر دیئے۔ پاکستان نے مودی سرکار کے پہلگام ڈرامے کا جھوٹ ثبوتوں کے ساتھ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کیا مگر اسکی ہٹ دھرمی اور جنگی جنون برقرار رہا۔ پاکستان کی سول‘ سیاسی اور عسکری قیادتوں نے بھارت سرکار کو دوٹوک الفاظ میں باور کرایا کہ اسکی شرانگیزیوں کے باوجود پاکستان علاقائی اور عالمی امن کی خاطر اسکے ساتھ باقاعدہ جنگ میں پہل نہیں کریگا مگر اسکی ہر جارحیت کا اسے منہ توڑ جواب دیگا۔
اگر بھارت نے اپنی ذہنی پراگندگی کے ساتھ پاکستان پر باقاعدہ جنگ مسلط کی تو بھارت کی اس پہل کو انجام تک پاکستان اپنی مرضی سے پہنچائے گا۔ اس حوالے سے ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری بھارتی عوام اور اقوام عالم کو لمحہ بہ لمحہ بھارتی شرانگیزیوں سے آگاہ کرتے اور اسکے ممکنہ انجام کا احساس دلاتے رہے۔ وزیراعظم محمد شہبازشریف اور ملک کی دوسری تمام سیاسی قیادتوں کی جانب سے بھی مودی سرکار کو قوم کے مکمل یکجہت ہونے کا ٹھوس بنیادوں پر پیغام دیا جاتا رہا جبکہ پاکستان بھارت کشیدگی بڑھتے دیکھ کر دنیا بھر کی قیادتیں بھی متحرک ہوئیں اور یہ تسلیم کرکے کہ بھارت نے پاکستان پر حملے میں پہل کی ہے‘ علاقائی امن کی خاطر بھارت اور پاکستان پر کشیدگی ختم کرنے پر زور دینا شروع کیا۔ امریکہ نے اپنی روایتی طوطا چشمی سے کام لے کر پاکستان اور بھارت کی جنگ سے لاتعلقی کا اظہار کیا تاہم چین‘ روس‘ ترکیہ‘ سعودی عرب‘ متحدہ عرب امارات نے کھل کر پاکستان کے موقف کا ساتھ دیا مگر دو ایٹمی ممالک میں جنگ کے ممکنہ انجام سے آگاہ ہو کر بھی مودی سرکار نے اپنے جنگی جنونی عزائم سے رجوع نہ کیا اور پاکستان اور آزاد کشمیر کے مختلف شہروں کی آبادیوں پر چھ اور سات مئی کی درمیانی رات میزائل برسا دیئے جس سے ہونیوالے جانی اور مالی نقصان سے بھی پوری دنیا آگاہ ہو چکی ہے۔ پاکستان کے شاہینوں نے، جنہیں برطانوی اخبار ڈیلی ٹیلی گراف فضاؤں کے بادشاہ کا لقب دے چکا ہے، اس بھارتی کارروائی کا فوری جواب دیتے ہوئے بھارت کے رافیل طیاروں‘ ڈرونز اور فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا اور مکار دشمن کو موقع پر ہی دھول چٹا دی۔ بھارت کے جدید ٹیکنالوجی سے لیس فرانسیسی ساختہ تین رافیل طیاروں کا پاک فضائیہ کے مشاق ہاتھوں کے ذریعے مار گرایا جانا اس کیلئے سب سے بڑی ہزیمت تھی مگر بھارتی جنونیت کم ہونے کے بجائے بڑھتی ہی چلی گئی اور اس نے سات اور آٹھ مئی کی درمیانی رات پاکستان کی فضائی حدود میں اسرائیلی ساختہ اپنے درجنوں ڈرونز داخل کرکے اسکے پندرہ شہروں کو فضائی حملے کیلئے نشانے پر رکھا مگر پاکستان نے اپنے مضبوط و مربوط دفاعی نظام کے بل بوتے پر تمام بھارتی ڈرونز موقع پر ہی مار گرائے۔ اسکے باوجود بھارت نے اپنے ڈرونز پاکستان کی فضائی حدود میں داخل کرنے کا سلسلہ جاری رکھا۔
جمعة المبارک کی شام پاکستان کی بری‘ فضائی اور بحری افواج کے ترجمانوں نے لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کی قیادت میں عالمی میڈیا کیلئے پریس بریفنگ کا اہتمام کیا اور بھارتی شرانگیزیوں کی جزئیات تک سے انہیں ٹھوس ثبوتوں کے ساتھ آگاہ کیا اور پاکستان کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ باقاعدہ جنگ میں پہل نہیں کریگا مگر بھارت اسے باقاعدہ جنگ پر مجبور کریگا تو اسکی گونج صرف بھارت میں ہی نہیں‘ پوری دنیا میں سنائی دیگی۔ مکار دشمن بھارت شاید اپنی عددی عسکری برتری کے زعم میں پاکستان اور عساکر پاکستان کو مسلسل چیلنج کئے جا رہا تھا جس نے ہفتہ 10 مئی کی علی الصبح رات کی تاریکی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان کے تین ایئربیسز نورخان، شورکوٹ اور مرید پر اپنے کروز میزائل داغ دیئے جو پاکستان کے صبر کا آخری کنارہ تھا۔ چنانچہ پاکستان کی سول اور عسکری قیادت نے بھارت کیخلاف اپریشن بنیانِ مرصوص کا اعلان کرکے بھارت کے خلاف باقاعدہ جنگ کا آغاز کر دیا۔ پاکستان کے شاہینوں نے نہ صرف تینوں ایئربیسز پر بھارتی میزائل حملے ناکام بنائے بلکہ بھارتی لومڑی کی طرح رات کی تاریکی سے فائدہ اٹھانے کے بجائے دن کے اجالے میں بھارتی فوجی اہداف کو نشانہ بنا کر اسکی ٹھکائی کی اور اس پر سائبر حملہ کرکے اسکی ہر جدید و روایتی ٹیکنالوجی تہس نہس کر دی۔
عسکری ذرائع اور خود بھارتی میڈیا سے موصول ہونے والی رپورٹوں کے مطابق پاکستان کے جانباز شاہینوں نے پانچ گھنٹے کے اندر اندر بھارت کی ایک درجن فوجی تنصیبات بشمول ادھم پور‘ سرینگر‘ پٹھانکوٹ‘ راجستھان اور جنونی مودی کی جنم بھومی گجرات کی ایئربیسز‘ بیاس براہموس سٹوریج‘ اڑی سپلائی ڈپو‘ بریگیڈ ہیڈکوارٹر جی ٹاپ اور سورت گڑھ اور آدم پور ائیرفیلڈ کو دھماکوں سے اڑا کر مکمل تباہ کر دیا۔ اسی تباہی بربادی کو دیکھ کر بھارتی میڈیا نے جو کل تک گوئبلز والے فلسفہ جھوٹ کا سہارا لے کر پاکستان کی تباہی کے خودساختہ نقشے کھینچ رہا تھا‘ اپنی ہی مودی سرکار کو بھارتی سکیورٹی سسٹم کی بدترین ناکامی کا آئینہ دکھانا شروع کر دیا۔ اور بھارتی فوجی ترجمان نے یہ کہنا شروع کر دیا کہ بھارت جنگ نہیں چاہتا بشرطیکہ پاکستان بھی اس کے لیئے تیار ہو۔
پاکستان کی جانب سے سائبر حملے کا بھارت کو یقیناً ناقابل تلافی نقصان پہنچا اور بھارتی میڈیا کی اپنی رپورٹوں کے مطابق بھارتی سینا کے ”سیندور اپریشن“ کے جواب میں کئے گئے پاکستان کے سائیبر حملے سے بھارت کے 70 فیصد بجلی گرڈ ناکارہ ہو گئے۔ سکیورٹی ذرائع اور میڈیا سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق پاکستان نے سائبر حملہ کرکے بھارت کے توانائی کے شعبے سے متعلق SCADA 10 سسٹمز کو ناکارہ بنا دیا ۔ اسی طرح 1744 ویب سرورز تباہ کئے اور ان کا ڈیٹا مکمل ختم کیا۔ بھارت کی ونڈ ملز اور صارفین کی بجلی سے متعلق پورٹلز بند کردیں۔ بھارتی ریلوے‘ دہلی گیس ڈسکوم اور کشمیر الیکٹرک ڈسکوم کا آئی سی ٹی ڈھانچہ مکمل تباہ کر دیا جبکہ ”آئی سی ٹی 570“ کی ڈیوائسز اور ڈیٹا بیسز بھی تباہ کر دیں اور بھارت کے تمام سرکاری پورٹلز کو ہیک کرلیا ۔ پاکستان کے اس سائیبر حملے میں بی جے پی مدھیا پردیش اور نریندر مودی کی آفیشل ویب سائٹ کے علاوہ تین بھارتی نیوز چینلز کی ویب سائٹس بھی ہیک کرلی گئیں جبکہ انڈین ایئرفورس اور ہارڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کا ڈیٹا ہیک کرکے لیک کردیا گیا۔
پاکستان کے ہاتھوں ایسی شرمناک ہزیمتیں اٹھاتی اکھنڈ بھارت کی داعی مودی سرکار یقیناً اپنے عوام اور دنیا کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہی جبکہ پاکستان کو ہفتے کے روز فضائی محاذ پر ایک اور بھارتی رافیل گرانے کی بھی کامرانی حاصل ہوئی جس کی خاتون پائلٹ سکوارڈن لیڈر شیوانگی سنگھ کو گرفتار کر لیا گیا۔ بھارت کو دوسری بڑی ہزیمت اپنی فوج کے اندر سے اس وقت اٹھانا پڑی جب لدھیانہ سکھ رجمنٹ نے پاکستان کیخلاف لڑنے سے انکار کرتے ہوئے اپنی وردیوں کو آگ لگا دی۔ بھارتی ٹی وی چینلز نے ہی یہ وردیاں جلتی ہوئی پوری دنیا کو دکھائیں۔ ہفتے کے روز پاکستان کی ڈرونز پروازیں بھارتی دارالحکومت دہلی کی فضاﺅں میں بلا خوف و خطر دن بھر اڑتی نظر آتی رہیں۔ گزشتہ روز بھارتی فوج کے ترجمان نے اپنی پریس بریفنگ میں خود اعتراف کیا کہ پاکستان نے پانچ گھنٹے کے دوران بھارت کے 26 شہروں کو نشانہ بنایا ہے جبکہ پاکستان نے سرگودھا ایئربیس کو نشانہ بنانے کی بھارتی کوشش بھی ناکام بنا دی۔ پاکستان کی مسلح افواج نے نعرہ تکبیر بلند کرتے ہوئے قومی یکجہتی کے جذبے کے ساتھ دشمن پر اپریشن بنیان مرصوص کی صورت میں چڑھائی کی تو اس میں کامیابی و کامرانی ہی پاکستان اور سپاہ پاکستان کا مقدر تھا چنانچہ اس اپریشن کے دوران ہی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ ٹویٹر پیغام سامنے آگیا کہ امریکہ کی ثالثی میں پاکستان اور بھارت ایک دوسرے کے ساتھ سیز فائر پر آمادہ ہو گئے ہیں۔ انہوں نے پاکستان اور بھارت کو فہم و بصیرت سے کام لینے پر مبارکباد بھی دی۔ یہ خوش آئیند صورت حال ہے کہ پاکستان کے نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار اور بھارتی سیکرٹری خارجہ نے سیز فائر سے متعلق ٹرمپ کے بیان کی تصدیق کرتے ہوئے اس کے لیئے تمام فارمیلٹیز طے کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ اسحاق ڈار کے بقول سیز فائر کے لیئے برطانیہ اور برادر مسلم ممالک سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے بھی کاوشیں کی گئیں۔ یہ امر واقع ہے کہ پاکستان کے شروع کردہ اپریشن بنیان مرصوص کے نتیجہ میں ہی بھارت اپنی مزید بربادی سے بچنے کے لیئے جنگ بندی کی راہ پر آیا ہے جو درحقیقت پاکستان اور عساکر پاکستان کی عظیم کامیابی ہے۔ اس معرکے پر پوری قوم اپنی سول اور عسکری قیادتوں کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتی ہے۔ اپریشن بنیانِ مرصوص کا لفظ کتاب ہدایت قرآن مجید کی سورہ الصف، آیت نمبر4 سے اخذ کیا گیا ہے جو دشمن کے مقابل پوری قوم کے سیسہ پلائی دیوار بننے کا ٹھوس پیغام دیتا ہے۔ ”بے شک اللہ اپنے ان بندوں سے محبت کرتا ہے جو اسکے راستے میں صف آراءہو کر دشمنانِ دین کیخلاف لڑتے ہیں اور کامرانی ان کا مقدر ہے۔“ دشمنان اسلام و پاکستان کو اپریشن بنیان مرصوص کی صورت میں پاکستان کی جانب سے یہی پیغام ملا اور وہ پاکستان اور بھارت کے مابین سیز فائر کرانے کی راہ پر آئیں۔ یہ درحقیقت دو قومی نظریہ کی بھی فتح ہے جسے بھارت خلیج بنگال میں ڈبونے کا داعی رہا ہے۔




