اُردو ادباُردو شاعرینظم
گمان / لیلیٰ ہاشمی

گمان
کیا تمھیں معلوم ہے؟
دھرتی پہ وہ پہلا اظہار
بھلا کس کا تھا؟
کس نے ہمیں مقید ہونا
سکھایا تھا؟
محبت کے طلسماتی
احساس کو
کس نے روئے زمیں پر
بے رحمی سے بکھیر دیا تھا
اور کس نے اسی لمحے
زمیں پر پہلے حاسد کا
مرتبہ پایا تھا؟
خیر یہ تو زمانے کے قصے ہیں
اور یہ ہماری سمجھ سے بالاتر ہیں
مگر اب تمھیں یہ گُماں
آخر کس لیے ہے
کہ وہ پہلا شخص
تمھارا ہم جنس تھا؟




