خبریں

خیبرپختونخوا کے نئے وزیراعلی کا انتخاب عدالت میں چیلنج/ اردو ورثہ

جمعیت علمائے اسلام (ف) نے خیبر پختونخوا کے نئے وزیر اعلی سہیل آفریدی کے انتخاب کو منگل کو پشاور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔

جماعت کا موقف ہے کہ یہ انتخاب غیر آئینی ہے کیونکہ سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کے استعفے کی منظوری ابھی تک نہیں ہوئی۔

یہ درخواست جے یو آئی کے پارلیمانی رہنما مولانا لطف الرحمٰن نے بیرسٹر یاسین رضا کے ذریعے دائر کی۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ جب تک سابق وزیر اعلی کا استعفیٰ باضابطہ طور پر منظور نہیں ہوتا، نئے وزیر اعلی کا انتخاب قانونی طریقہ کار کے خلاف ہے۔

درخواست میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ گورنر خیبر پختونخوا نے علی امین گنڈا پور کو 15 اکتوبر کو طلب کیا ہے تاکہ ان کے استعفے کی تصدیق کی جا سکے، جس سے واضح ہوتا ہے کہ ان کی رخصت کا عمل ابھی مکمل نہیں ہوا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا لطف الرحمٰن نے کہا کہ نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب آئینی تقاضوں کو پورا کیے بغیر کیا گیا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ اتنی جلدی میں یہ انتخاب کرنے کی کیا ضرورت تھی؟ سابق وزیر اعلی کو رسمی طور پر عہدہ چھوڑنے دیا جاتا تو بہتر ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ وہ صرف یہ چاہتے ہیں کہ قانونی طریقہ کار پر عمل کیا جائے۔

پشاور سے اطلاعات کے مطابق نو منتخب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے انتخاب اور حلف برداری سے متعلق سمریاں گورنر ہاؤس پہنچ گئی ہیں۔

وزیر اعلی کے انتخاب سے متعلق سمری صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ نے ارسال کی تھی، جبکہ حلف برداری کی سمری سپیکر صوبائی اسمبلی بابر سلیم سواتی نے بھجوائی۔

حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار محمد سہیل آفریدی کو صوبائی اسمبلی نے سوموار کو ایک اجلاس میں خبیر پختونخوا کا نیا وزیراعلیٰ منتخب کیا تھا۔

خیبرپختونخوا کے قائد ایوان کے انتخاب کے لیے چار امیدوار مد مقابل تھے، مسلم لیگ (ن) کے سردار شاہ جہان، پیپلزپارٹی کے ارباب زرک اور جمعیت علما اسلام کے مولانا لطف الرحمٰن مقابلے میں شامل تھے۔ البتہ اسمبلی میں موجود اپوزیشن نے احتجاج میں اسمبلی سے واک آؤٹ کیا تھا۔

اسمبلی کا اجلاس سپیکر بابر سلیم سواتی کے زیر صدارت منعقد ہوا تھا جس میں سہیل آفریدی کو 90 اراکین صوبائی اسمبلی نے ووٹ دیا تھا۔


Author

0 0 votes
Article Rating
Subscribe
Notify of
guest

0 Comments
Inline Feedbacks
View all comments

Related Articles

Back to top button
0
Would love your thoughts, please comment.x
()
x