پوپ فرانسس 88 سال کی عمر میں انتقال کر گئے/ اردو ورثہ

ویٹیکن سٹی نے پیر کو اعلان کیا کہ رومن کیتھولک چرچ کے پہلے لاطینی امریکی رہنما پوپ فرانسس انتقال کر گئے ہیں۔
کیتھولک عیسائیوں کے روحانی پیشوا 88 سال کے تھے اور اپنے 12 سالہ پوپ کے دور میں مختلف بیماریوں کا شکار رہے۔
پوپ فرانسس لمبی بیماری کے بعد چند روز قبل ہی صحت یاب ہو کر ہسپتال سے فارغ ہوئے تھے۔ اتوار کو انہوں نے عیسائیوں کے مذہبی تہوار ایسٹر کے موقعے پر ملاقاتیں بھی کی تھیں۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
روئٹرز کے مطابق پوپ فرانسس نے ایسٹر سنڈے کے موقعے پر اپنے پیغام میں غزہ میں فوری فائر بندی کی اپیل ایک بار پھر دہرائی تھی۔
انہوں نے اپنے پیغام میں کہا: ’میں فلسطین اور اسرائیل میں مقیم مسیحیوں کی مصائب، اور وہاں کی عوام کے ساتھ اپنی قربت کا اظہار کرتا ہوں۔
’مجھے بار بار غزہ کے عوام اور خاص طور پر وہاں کی مسیحی برادری کا خیال آتا ہے جہاں ہولناک تنازع اب بھی موت اور تباہی کا باعث بن رہا ہے اور ایک سنگین اور افسوس ناک انسانی بحران پیدا کر رہا ہے۔‘
پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی نے پوپ فرانسس کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’پوپ فرانسس نے دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے نمایاں کردار ادا کیا۔
ایک بیان میں ان کا کہنا تھا: ’فلسطین کے معاملے پر پوپ فرانسس کے اصولی موقف کو اقوام عالم میں سراہا گیا، ان کے انتقال سے دنیا ایک مخلص اور امن کی داعی شخصیت سے محروم ہو کئی۔‘



