ڈکی بھائی لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار، پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج/ اردو ورثہ

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے سوشل میڈیا انفلوئنسر اور ٹک ٹاکر ڈکی بھائی کو ہفتے کو لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار کرنے کے بعد ان کے خلاف اپنے سوشل میڈیا پیجز پر جوئے کی حوصلہ افزائی کے الزامات پر پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔
این سی سی آئی اے کی جانب سے درج کی گئی ایف آئی آر کے مطابق لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے ملزم سعد الرحمان ذوالفقار عرف ڈکی بھائی کو گرفتار کیا گیا، جن پر الزام ہے کہ وہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور یوٹیوب پر غیر قانونی بیٹنگ ایپس جیسے 1Xbet اور بینومو کو فروغ دیتے ہیں۔
این سی سی آئی اے کے مطابق: ’ڈکی بھائی اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جوئے کو فروغ دیتے ہیں اور عوام اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کے مرتکب ہوئے ہیں۔‘
ریاست کی مدعیت میں درج کی گئی ایف آئی آر نمبر 196/25 میں ڈکی بھائی کے خلاف پیکا ترمیمی ایکٹ 2025 کی دفعات 13،14،25،26 اور پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 294 اور 420 شامل کی گئی ہیں۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ایف آئی آر کے مطابق: ’این سی سی آئی اے نے اس سلسلے میں ڈکی بھائی کو انکوائری کے لیے طلب کیا لیکن وہ جان بوجھ کر نہیں آئے جس کے بعد ان کا نام پرویژنل نیشنل آئیڈنٹی فکیشن (پی این آئی ایل) لسٹ میں شامل کر دیا گیا۔‘
مزید کہا گیا کہ ’16 اگست کو علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن نے این سی سی آئی اے کو اطلاع دی کہ ڈکی بھائی کو اس وقت تحویل میں لیا گیا، جب وہ لاہور ایئرپورٹ سے بیرون ملک جانے کی کوشش کر رہے تھے، جس پر این سی سی آئی اے کی ٹیم نے لاہور ایئرپورٹ پہنچ کر انہیں حراست میں لے لیا۔
’کارروائی کے دوران ملزم سے ایک موبائل فون برآمد ہوا، جس سے اس بات کے ثبوت ملے کہ بینومو ایپ نے انہیں ناجائز پیسے بھیجے ہیں اور اسی میں ہی ان کے جوئے کو فروغ دینے کے حوالے سے بنائی گئی ویڈیوز بھی موجود تھیں، جس کا کوئی جواز ڈکی بھائی نہیں دے سکے۔‘
ایف آئی آر کے مطابق: ’تفتیش کے دوران یہ بھی انکشاف ہوا کہ ڈکی بھائی حکومت سے اجازت لیے بغیر بینومو ایپ کے کنٹری مینیجر کی حیثیت سے بھی کام کر رہے ہیں۔‘
این سی سی آئی اے کے مطابق ڈکی بھائی کے کیس میں مزید تفتیش جاری ہے۔
ڈکی بھائی کے ٹک ٹاک پر 24 لاکھ فالورز جبکہ یوٹیوب پر 89 لاکھ فالورز ہیں۔




