کالم

شعر اور تفہیم | باسط پتافی

لمحہ لمحہ یہ وقت کی دیوار

اپنے ہی سائے کو نگل رہی ہے

شاعر: علی عارف | تفہیم: باسط پتافی

 

جناب علی عارف کا یہ شعر لفظی خوبیوں، شعری لطافت اور معنوی گہرائیوں سے مملو ہے۔سب سے پہلے ہم چند سادہ اور سامنے کی باتیں لکھ دیتے ہیں:

1۔ "وقت کی دیوار” کہا؛ کیونکہ شاعر قاری کی نگاہ میں منظر بنانا چاہتا ہے کہ وہ وقت کو ایک دیوار تصور کرے اور اس کا سایہ بنائے اور سائے کے ختم ہونے کو نگلنا سمجھے۔

2۔ "نگل رہی ہے”

یہاں سے پہلے منظر میں دوسرا منظر کھینچا تاکہ قاری شدت سے اور صفائی سے نظارہ کر سکے۔ وہ یوں تصور کرے کہ دیوار سایہ نگل رہی ہے جیسے کوئی دیوہیکل یا بڑا جانور چھوٹی چیزوں کو نگلتا ہے۔

3۔ یہ سارا منظر "لمحے لمحے” کا ہے۔

بطن شعر

اب ذرا شعر کی گہرائی کو کھنگالنا ہوگا تاکہ ہمیں شاعر کی انفرادیت، شعر کی قدرت اور فن کی عظمت معلوم ہو سکے۔ ممکن ہے آپ کو یہ جملے محض تعریفی و تحسینی لگیں مگر ہر عمدہ شعر اپنے فن کی گواہی دیتا ہے جیسے پیغمبر کے ہاتھ پر بولتے کنکر نبوت کے شاہد ہوتے ہیں۔

١۔ وقت کا تصور فلسفیانہ، مذہبی حتی شاعرانہ بھی ہوتا ہے؛ کیونکہ فلسفی کو وقت کی گتھی سلجھا کر علت و معلوم کا رشتہ سمجھنا ہے، مذہب کو وقت کا تصور سمجھا کر اعتقادی و اخلاقی وجود ابھارنا ہے جبکہ شاعر کا وقت سے سمبندھ احساسات و جذبات کا ہوتا ہے۔

٢۔ وقت کا خود کو نگلنا ایک المیہ ہے اور لمحہ لمحہ خود کو نگلنا شدید المیہ ہے۔

٣۔ وقت کو دیوار کہنے سے دو چیزیں مراد ہو سکتی ہیں:

الف) یہ کسی کے لیے رکاوٹ ہے لیکن کس کے لیے نہیں معلوم۔

ب) یہ "وقت کی دیوار” بظاہر بلند و مضبوط ہونے کے باوجود اپنے سائے کو نگل رہی ہے۔ شاید یہی اس کی مضبوطی یا پھر یہی اس کے ختم ہونے کی طرف سفر ہے۔

٤۔ وقت جیسے ازلی و دائمی حقیقت کو اس طرح خود سے لڑتا ہوا دکھانا ایک فنکار ہی کے لیے ممکن ہے بلکہ ایک شاعر ہی ایسا کر سکتا ہے۔

٥۔ وقت کی دیوار اور سائے کا تصور "دھوپ” کے بغیر ناممکن ہے مگر یہاں دھوپ کا لفظ تک نہیں مگر مدہم سا تصور آ رہا ہے۔

آخر یہ دھوپ کیا ہے؟ یا ذرا بہتر الفاظ میں کہا جائے تو وہ "روشنی” کیا ہے جس کی وجہ سے وقت کی دیوار کا سایہ بن رہا ہے؟

٦۔ ممکن ہے وقت کی دیوار خود سایہ بنا رہی ہو اور خود ہی نگل رہی ہو۔ (کیا غضب تصور!!!)

Author

  • توحید زیب

    روحِ عصر کا شاعر ، جدید نظم نگار ، نظم و غزل میں بے ساختگی کے لیے مشہور

5 1 vote
Article Rating
Subscribe
Notify of
guest

0 Comments
Inline Feedbacks
View all comments

Related Articles

Back to top button
0
Would love your thoughts, please comment.x
()
x