نظم

ماتا ہاری ٭ / نصیر احمد ناصر

ماتا ہاری ٭

 

میری آنکھوں پر پٹی مت باندھو

میں نے عمر بھر

اندھیرے کو دیکھ کر جینا سیکھا ہے

میں اپنی موت کا رقص بھی

خود اپنی آنکھوں سے دیکھنا چاہتی ہوں

مجھے بند آنکھوں سے مرنا منظور نہیں

 

میں نے اس وقت رقص سیکھا

جب زمین بارود سے بھری تھی

میرے جسم کو قصوروار ٹھہرایا گیا

کیونکہ میرے جسم کا انگ انگ خواب دیکھتا تھا

اور خواب

جنگوں میں سب سے خطرناک جرم ہوتے ہیں

 

یہ بارہ بندوقیں

جو مجھ پر تنی ہوئی ہیں

یہ بارہ خوف سے کانپتے دل ہیں

جو مجھے مار کر بھی نہیں مار سکتے

میں وقت کی دیوی ہوں

آخری سانس میں بھی بےنقاب زندہ رہوں گی

 

میری ہتھیلیوں کو رسیوں سے نہ باندھو

یہ ہاتھ تو صرف وجد میں حرکت کی ادا جانتے ہیں

اور لمس کی زبان لکھ سکتے ہیں

میرا جسم

چند اعضا کا نہیں

لاتعداد زاویوں اور خموں کا مجموعہ ہے

تم اعضا کو قتل کر سکتے ہو

ان میں چُھپی لچک دار قوسوں اور سلوٹوں کو نہیں

 

آج سورج بھی میرے جیسا آزاد ہے

وہ بھی میری طرح جلد غروب ہو گا

میں نے بہت پہلے جان لیا تھا

کہ سچ

کبھی عدالت میں نہیں جیت سکتا

وہ صرف تاریخ کے حاشیے میں

جھوٹ کی آمیزش سے لکھا جاتا ہے

 

گولیوں کی آواز

میرے لیے ڈھولک کی تھاپ ہے

میرے بدن کے آخری ناچ کی تال

میں گر بھی جاؤں گی

تو زمین مجھے تھام لے گی

جیسے ماں اپنی بیٹی کو تھامتی ہے

 

میری آنکھیں مت بند کرنا

انہیں دیکھنے دو

کہ کس طرح موت بھی

ایک نظارہ ہے،

ایک رقص، ایک جھکاؤ اور گھماؤ

جب کوئی ذی روح سانسوں سے آزاد ہو جاتا ہے

 

کل میرا جسم کہیں نہیں ملے گا

سر کہیں اور

بازو اور پاؤں کہیں اور

روح کہیں اور

کیونکہ دیویاں مٹی میں دفن نہیں ہوتیں

وہ روشنی بن کر

کائنات میں رقص کناں ہو جاتی ہیں

 

اب بہت ہو چکا

میرے پاس تمہیں بتانے کے لیے کچھ نہیں

گولیاں چلاؤ

میں تیار ہوں

کو دے گراس ٭٭ کے لیے!

 

٭ ڈچ رقاصہ کا اصل نام مارگریتا جیرترودا زیلے ( Margaretha Geertruida Zelle) ہے جسے 15 اکتوبر 1917ء کو فرانس نے پہلی عالمی جنگ کے دوران جاسوسی کے الزام میں موت کی سزا دی۔

٭٭ coup de grâce

Author

  • توحید زیب

    روحِ عصر کا شاعر ، جدید نظم نگار ، نظم و غزل میں بے ساختگی کے لیے مشہور

0 0 votes
Article Rating
Subscribe
Notify of
guest

0 Comments
Inline Feedbacks
View all comments

Related Articles

Back to top button
0
Would love your thoughts, please comment.x
()
x