ایران پر اسرائیلی حملے ’گھناؤنے‘ اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں: سعودی عرب/ اردو ورثہ

سعودی عرب نے جمعے کو ایران پر اسرائیلی فضائی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
سعودی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ ’سعودی عرب برادر اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف اسرائیل کی صریح جارحیت کی شدید مذمت کرتا ہے، جو اس کی خودمختاری اور سلامتی کو نقصان پہنچاتے ہیں اور بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کی صریح خلاف ورزی کرتے ہیں۔‘ُ
حملوں کو ’گھناؤنا‘ قرار دیتے ہوئے بیان میں مزید کہا گیا: ’عالمی برادری اور (اقوام متحدہ کی) سلامتی کونسل پر اس جارحیت کو فوری طور پر روکنے کی ایک بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔‘
اسرائیل نے جمعے کو ایران پر حملوں میں اس کے جوہری اور فوجی مقامات کو نشانہ بنایا جب کہ ایرانی میڈیا نے ان حملوں میں مسلح افواج کے چیف آف سٹاف محمد باقری، پاسداران انقلاب کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی سمیت دو جوہری سائنس دانوں کی موت کی تصدیق کی ہے۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ان حملوں نے خطے میں ایک مکمل جنگ کا خدشہ پیدا کر دیا اور عمان میں اتوار کو ہونے والے امریکہ ایران جوہری مذاکرات کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔
جاپان نے بھی ایران پر اسرائیلی حملوں کی ’شدید مذمت‘ کی ہے۔
جاپانی وزیر خارجہ تاکیشی ایویا نے جمعے کو ٹوکیو میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے تمام فریقوں سے تحمل کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم اس تازہ ترین کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہیں جس سے صورت حال مزید خراب ہو رہی ہے۔
تاکیشی ایویا کا مزید کہنا تھا: ’مشرق وسطیٰ کے خطے میں امن اور استحکام جاپان کے لیے انتہائی اہم ہے اور ہم اس میں شامل تمام فریقوں سے انتہائی تحمل کا مظاہرہ کرنے اور حالات کو پرسکون کرنے کی اپیل کرتے ہیں۔‘




