منتخب کالم

ہمارے سرکاری پیسے لاہور میں عیاشیوں پر  اْڑائے جار ہے ہیں۔ گورنر خیبر پختو نخوا/ ظفر اقبال



گورنر خیبر پختونخواہ نے کہا ہے کہ ” ہمارے سرکاری پیسے لاہور میں عیاشیوں پر اْڑائے جار ہے ہیں ” اگرچہ سرکاری پیسے عیاشیوں پر اڑانے کے لیے ہی ہوتے ہیں لیکن اس کے لیے اپنے ہی صوبے کے پیسوں تک محدود رہنا چاہیے اور ہمارے صوبے کے پیسے کسی دوسرے صوبے والے عیاشیوں پر اڑائیں گے تو ہم نے عیاشیوں پر کیا اڑانا ہے اور اگر آپ سرکاری پیسے عیاشیوں پر اڑانا ضروری ہی سمجھتے ہیں تو آپ کو چاہیے کہ اپنے صوبے کے پیسے ہمارے لیے مخصوص کر دیں تاکہ ہم بھی اپنا یہ شوق پورا کر سکیں کیونکہ عیاشیوں پر پیسے اڑانا ہمارا بھی اتنا ہی حق ہے جتنا دوسروں کا ہے کیونکہ ہم خود نہ کسی کا حق مارتے ہیں نہ کسی کو اپنا حق مارتے دیکھ سکتے ہیں اور انصاف کا تقاضا بھی یہی ہے کہ عیاشیوں پر دوسروں کی بجائے اپنا پیسہ اڑایا جائے کیونکہ عیاشیوں پر پیسہ اڑانے میں ہم بھی کسی سے کم نہیں۔ آپ اگلے روز پشاور میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ 

پورا آپریشن میاں نواز شریف کی لیڈر شپ میں ہوا۔ عظمیٰ بخاری 

وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ ” جنگ کا پورا آپریشن میاں نواز شریف کی لیڈر شپ میں مکمل ہوا "اور اسی لیے وہ جنگ کے دوران خاموش رہے کیونکہ ایک وقت میں ایک ہی کام ہو سکتا ہے جبکہ خود میاں صاحب بھی ایک وقت میں ایک ہی کام کرنے کے عادی ہیں جیسا کہ انہوں نے اپنے ہر دور میں ایک ہی کام کیا اور ملک کو کہاں سے کہاں پہنچا دیا اس لیے دعا کرنی چاہیے کہ اللہ میاں انہیں ایک اور موقع دے تاکہ وہ ملک کی بقا اور ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں کیونکہ دیکھا یہی گیا ہے کہ ہمیشہ سے ملک کی ترقی انہی کی مرہون منت رہی ہے اور آئندہ بھی رہے گی کیونکہ یہ سب کچھ ایک وقت میں جی بھر کے ایک ہی کام کرنے کا نتیجہ ہے آپ اگلے روز لاہور میں میڈیا سے گفتگو کر رہی تھیں۔ 

فلموں میں کام کرنے کی خواہش ہے۔ صدف کنول

معروف ماڈل و اداکارہ صدف کنول نے کہا ہے کہ ” فلموں میں کام کرنے کی خواہش ہے ” اگرچہ فلم انڈسٹری کو میرا نوٹس خود لینا چاہیے تھا اور اگر اپنی بے پایاں مصروفیات کی وجہ سے ایسا نہیں کرسکی تو کوئی بات نہیں میں خود اپنے پاؤں پر کھڑی ہوں اور انہیں اس کی توجہ دلا سکتی ہوں اور یہ بھی ہو سکتا ہے کہ ان کا خیال ہو کہ میں فلموں میں کام کرنا ہی نہیں چاہتی لیکن ایسا ہر گز نہیں ہے لیکن اگر وہ اس غلط فہمی میں مبتلا ہیں تو اسے دور کرنا بھی میرا فرض ہے اور میں اپنے فرائض سے کوتاہی کی کبھی مرتکب نہیں ہوتی چنانچہ میں نے اپنا فرض اد کر دیا ہے اس لیے فلم انڈسٹری والوں کا کام ہے کہ وہ اپنا فرض ادا کریں کیونکہ میں سمجھتی ہوں کہ میں ہیروئن سے لے کر ایکسٹرا تک ہر کردار بخوبی ادا کرسکتی ہوں بلکہ کسی بھی فلم میں ایک آدھ ایکسٹراکا اضافہ پیدا کیا جاسکتا ہے آپ اگلے روز لاہور میں ایک انٹرویو کے دوران اپنے خیالات کا اظہار کر رہیں تھی۔

مہنگی تصویریں 

نامور مصور پابلو پکاسو سے ملاقات کے لیے اس کا ایک دوست اس کے گھر گیا تو باتوں باتوں میں اس نے مصور سے پوچھا کہ تم اتنے بڑے پینٹر ہو لیکن تمہارے کمرے میں تمہاری ایک بھی تصویر نہیں لگی ہوئی، اس کی کیا وجہ ہے تو پکاسو بولا،

"دراصل میری تصویریں اتنی مہنگی ہیں کہ میں افورڈ نہیں کر سکتا "

آج کا مقطع 

آنکھوں میں سرخیوں کا سفر رک گیا، ظفر 

دیکھا تو ہم اسیر تھے نیلے گلاب کے 





Source link

Author

Related Articles

Back to top button