مبینہ دھاندلی احتجاج: پاکستان تحریک انصاف رہنما سلمان اکرم لاہور سے گرفتار

پاکستان میں عام انتخابات 2024 میں مبینہ دھاندلی کے خلاف پاکستان تحریک انصاف کے زیرانتظام ملک بھر میں آج احتجاج کیا جا رہا ہے جس کے دوران لاہور سے سینیئر پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔
اس احتجاج کا اعلان پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت نے گذشتہ روز اسلام آباد کے میریٹ ہوٹل میں ایک نیوز کانفرنس کے دوران کیا تھا۔
پاکستان تحریک انصاف نے اس نیوز کانفرنس کا اہتمام بین الاقوامی میڈیا نمائندگان کے لیے کیا تھا، جنہیں عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے ’شواہد‘ دکھائے گئے۔
گذشتہ روز ہی پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سربراہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ سے مستعفی ہونے کا مطالبہ بھی کیا۔
پاکستان میں آٹھ فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں کسی سیاسی جماعت کو واضح اکثریت نہیں ملی لیکن جیل میں قید سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں نے 264 میں سے 93 نشستیں حاصل کیں، جو پارلیمنٹ میں کسی بھی جماعت کی نشستوں سے زیادہ ہیں۔
بعدازاں چھ سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے اتحادی حکومت بنانے پر اتفاق کیا اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کو وزارت عظمیٰ کا امیدوار نامزد کیا گیا جبکہ پاکستان تحریک انصاف اپنا انتخابی نشان چھن جانے کے بعد سے مختلف آئینی و قانونی مسائل میں گھری ہوئی ہے۔
انتخابی نتائج میں تاخیر کے باعث پی ٹی آئی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کی جانب سے دھاندلی کے الزامات بھی سامنے آئے ہیں اور اس سلسلے میں احتجاج کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
17 فروری دوپہر تین بجکر 15
لاہور سے سلمان اکرم راجہ گرفتار
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے مبینہ دھاندلی کے معاملے پر ملک گیر احتجاج کے دوران لاہور سے پی ٹی آی رہنما سلمان اکرم راجہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
نامہ نگار ارشد چوہدری کے مطابق پولیس نے سلمان اکرم راجہ کو پی ٹی آئی جیل روڈ آفس کے باہر سے حراست میں لے لیا۔
پی ٹی آئی میڈیا سیل کی جانب سے جاری ویڈیو میں سلمان اکرم راجہ کو پولیس حراست میں لے رہی ہے جس دوران وہ کہتے ہیں: ’یہ مجھے غیر قانونی طور پر گرفتار کر کے لے جا رہے ہیں، میں عوام کے ساتھ ہوں، ہم حق کی آّواز بلند کرتے رہیں گے۔‘
پولیس حکام کے مطابق انتخابی دھاندلی کے احتجاج کا اجتماع کرنے پر دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر گرفتاری عمل میں لائی گئی۔
17 فروری دوپہر 12 بجکر 45
پی ٹی آئی نے نے تاحال احتجاج کے لیے کوئی درخواست نہیں دی: اسلام آباد پولیس
اسلام آباد پولیس نے جمعے کو پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے حوالے سے ایک بیان میں کہا کہ ’تحریک انصاف نے تاحال احتجاج کے لیے کوئی درخواست نہیں دی۔‘
پولیس کے مطابق: ’انتہائی سکیورٹی زون کے اندر کسی ریلی یا جلوس کی اجازت نہیں ہو گی اور سڑک بند کرنے اور غیر قانونی اجتماع کی صورت میں قانونی کارروائی کی جائے گی۔‘
اسلام آباد میں امن عامہ کے قیام اور دفعہ 144 کی عملداری یقینی بنانے اسلام آباد کیپیٹل پولیس کے جوان اور افسران شہر بھر میں اپنے فرائض سر انجام دے رہے ہیں ۔
عوام الناس کو متنبہ کیا جاتا ہے کہ کسی غیر قانونی عمل کا حصہ نہ بنیں۔#ICTP pic.twitter.com/dzMXcLUy5s— Islamabad Police (@ICT_Police) February 17, 2024
پولیس نے یہ بھی بتایا کہ شہر میں ناکہ بندی اور چیکنگ سخت کر دی گئی ہے جبکہ ہفتے کو ممکنہ احتجاج کے حوالے سے مزید نفری طلب کر لی گئی ہے۔
17 فروری صبح نو بجکر 30
انتخابی نتائج کے خلاف کوئٹہ میں چار جماعتی اتحاد کا دھرنا نویں روز بھی جاری
عام انتخابات 2024 کے نتائج کے خلاف چار جماعتی اتحاد کا دھرنا کوئٹہ میں آر او اور ڈی آر او آفس کے سامنے آج نویں روز بھی جاری ہے۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انڈپینڈنٹ اردو کے نامہ نگار اعظم الفت کے مطابق آج اس احتجاجی دھرنے سے چار جماعتی اتحاد کے قائدین خطاب کریں گے۔
انتخابی نتائج کے خلاف بننے والے بلوچستان کی قوم پرست جماعتوں پر مشتمل اس چار جماعتی اتحاد میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے صدر سردار اختر مینگل، پشتونخواملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمودخان اچکزئی، نیشنل پارٹی کے صدر ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ اور ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے صدر عبدالخالق ہزارہ نو روز سے جاری دھرنے سے خطاب کریں گے۔
بلوچستان کی ان قوم پرست جماعتوں کا مطالبہ ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان فارم 45 مطابق انتخابات کے شفاف نتائج کا اعلان کرے۔
مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔




