فردوس عاشق کا ملازمہ سے مبینہ بدتمیزی کی ویڈیو پر رد عمل

لاہور: سابق وفاقی وزیر فردوس عاشق اعوان کا ملازمہ سے مبینہ بدتمیزی کی ویڈیو پر رد عمل سامنے آ گیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ملازمہ سے مبینہ بدتمیزی کی ویڈیو کے حوالے سے کہا ہے کہ ایک تو یہ کہ ’’سوشل میڈیا پر چلنے والی ویڈیو پرانی ہے، اور پھر کوئی یہ ثابت کر کے دکھائے کہ یہ میری گھریلو ملازمہ ہے۔‘‘
فردوس عاشق کا کہنا تھا کہ یہ چوری کا معاملہ تھا انھوں نے کسی قسم کا تشدد نہیں کیا۔ سابق وفاقی وزیر نے کہا ’’مجھے بلیک میل کرنے کے لیے ویڈیو بھیجی گئی ہے، جس نے یہ ویڈیو بنائی ہے اس کے خلاف ایف آئی اے سائبر کرائم سے رجوع کر لیا ہے۔‘‘
براہ کرم ایسے بے بنیاد الزامات لگانے سے گریز کریں، کسی قسم کا کوئی تشدد نہیں ہوا۔
یہ ایک جرائم پیشہ گروہ تھاجو 3 کے گروپ میں گھروں میں کام کرتے ہیں اور چوریاں کرکے فرار ہوجاتے ہیں، انکو ہم نے رنگے ہاتھوں پکڑا۔ انکے خلاف اسلام آباد تھانے میں درخواست جمع کروادی ہے۔
— Dr. Firdous Ashiq Awan (@Dr_FirdousAwan) August 5, 2023
واضح رہے کہ گزشتہ روز فردوس عاشق اعوان کی ملازمہ سے گالم گلوچ کی ویڈیو منظر عام پر آئی تھی، موبائل فون سے بنائی گئی ویڈیو میں فردوس عاشق اعوان ملازمہ پر تشدد کا اعتراف بھی کر رہی ہیں، فردوس عاشق اعوان نے ملازمہ کو گالیاں بھی دیں۔
فردوس عاشق اعوان کا اپنی ملازمہ پر تشدد، ویڈیو سامنے آگئی
ویڈیو میں ایک شخص کو سنا جا سکتا ہے جو فردوس عاشق سے کہتا ہے کہ آپ نے لڑکی کو تھپڑ مارا ہے، فردوس کہتی ہی کہ ہاں اس نے جھوٹ بولا تھا۔ تاہم اب اپنے رد عمل میں انھوں نے تشدد کی تردید کی ہے۔




