منتخب کالم

پاک فوج کیخلاف ہرزہ سرائی اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی کارکردگی!/ سید روح الامین



ہم نے تو عالمِ اسلام کا قلعہ اور رول ماڈل بننا تھا۔ ہم کس طرف چل پڑے ہیں، ہماری منزل کیا ہے؟ قائد اعظم اور علامہ اقبال کے پاکستان کا ہم نے منظر نامہ ہی تبدیل کر دیا ہے۔ غیرت اور خودداری ہم میں ختم ہو چکی ہے؟ ابھی تو ہمیں 77سال ہوئے ہیں۔ بجائے اس کے کہ ہم آزاد ہو کر خوش ہوتے اور قیامِ پاکستان کے مقاصد کو عملی جامہ پہناتے اور قیامِ پاکستان کی اہمیت پوری دنیا میں اْجاگر کرتے، ہم تو اپنی منزل سے ہی دْور جا رہے ہیں۔ آج ہم ایٹمی قوت تو ہیں مگر پْوری دنیا کے مقروض۔ چائنہ ہم سے ایک سال بعد آزاد ہوااور آج پوری دنیا پرحکمرانی کے خواب دیکھ رہا ہے اور ہم آج بھی پوری دنیا سے بھیک مانگ کر خوشی محسوس کرتے ہیں۔ پاک فوج ایک منظم ادارہ ہے جس کا اولین فرض وطن عزیز کا دفاع ہے۔ پاک فوج کے جوان وطن کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ بڑے فخر سے پیش کرتے ہیں۔ آج سوشل میڈیا پر جس منظم طریقے سے پاک افواج کے خلاف ہرزہ سرائی کی جا رہی ہے، انتہائی شرمناک اور قابلِ مذمت ہے۔ تیسری پارٹی کے خلاف پندرہ ماہ پہلے تحریک عدم اعتماد لانے کی کیوں ضرورت پیش آئی؟۔ اْس دن سے لے کر آج تک ملک میں غیر یقینی کی سی صورتِ حال ہے۔ کچھ بھی ٹھیک نہیں ہو رہا۔ حکمران طبقے کے سِوا کوئی بھی خوش دکھائی نہیں دیتا۔ بقول شاعر :
 صرف اِک قدم اْٹھا تھا غلط راہِ شوق میں
 منزل تمام عمر مجھے ڈھونڈتی رہی
المیہ تو یہ ہے کہ تمام سیاسی پارٹیاں پاک افواج کے سہارے حکومت میں آتی ہیں، اْن کی اپنی کارکردگی تو اس قابل ہوتی نہیں۔ عمران خان بھی اسٹیبلشمنٹ کے سہارے حکومت میں آیا۔ اْس وقت اْن کی پارٹی کی خوشی دیدنی تھی۔ جب حکومت ختم ہوئی تو اْسی فوج کو موردِ الزام ٹھہرایا۔ سبھی پارٹیاں ایسا ہی کرتی ہیں۔
آج پیپلز پارٹی او رمسلم لیگ (ن) حکومت میں ہیں۔ آج یہ پاک فوج کے گْن گاتے تھکتیں نہیں۔ جب یہ حکومت میں نہیں تھیں تب اِن کے بیانات بھی سب کے سامنے ہیں۔ سیاسی پارٹیاں اپنا بوجھ خود کب اْٹھائیں گی۔ موجودہ حکومت اعلانیہ موجودہ کامیابیوں کاکریڈٹ جنرل عاصم منیر کو دیتی ہے۔ پاک فوج تو ایک منظم ملکی سلامتی کا ضامن ادارہ ہے۔ اْس کے خلاف ہرزہ سرائی کسی طور بھی مناسب نہیں۔ اب تو صورتِ حال کچھ یْوں ہے کہ 
 مرض بڑھتا گیا جْوں جْوں دوا کی
بہرحال وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی حالیہ کارکردگی قابلِ ستائش ہے۔ پنجاب میں جس طرح وہ ہر شعبے میں بہتری کے لئے شب و روز خدمات سرانجام دے رہی ہیں، وہ اپنی مثال آپ ہے۔ آپ کسی بھی پنجاب کے شہر میں جائیں صفائی ستھرائی کا نظام دیکھ کر خوشی ہوتی ہے۔ خصوصی طور پر تجاوزات کے خلاف پورے پنجاب میں آپریشن متاثر کن اور قابلِ تعریف ہے۔ زراعت کے شعبے میں بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز صاحبہ نے اس وقت پوری توجہ پنجاب کے عوام کی خدمت پر مرکوزکی ہوئی ہے۔ طلباء و طالبات کو لیپ ٹاپ نہ صرف پنجاب میں دیئے جا رہے ہیں بلکہ اْن کی خواہش ہے کہ دیگر صوبوں میں بھی اْن کی طرف سے ہی دیئے جائیں۔ 
ہماری گذارش ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب ساری توجہ پنجاب کے عوام کی فلاح و بہبود پرمرکوز رکھیں اور دیگرصوبوں کے وزرائے اعلیٰ بھی اِن کی پیروی کرتے ہوئے اپنے صوبوں میں مثالی اقدامات اْٹھائیں۔ مجھے یہ کہنے میں کوئی عار نہیں کہ مریم نواز صاحبہ اپنے والد میاں نواز شریف اورچچا میاں شہباز شریف سے بھی پنجاب میں زیادہ ترقیاتی کام کرا رہی ہیں۔ اگر یہ ہی صورتِ حال رہی تو انشاء اللہ مسلم لیگ ن اپنا ووٹ بینک بہت جلد بحال کرلے گی۔
٭…٭…٭





Source link

Author

Related Articles

Check Also
Close
Back to top button