سلام /غلط کہ دشت بلا میں نماز مسئلہ ہے /طاہر ہاشمی

سلام
طاہر محمود ہاشمی
نہیں نہیں کہ ترا امتیاز مسئلہ ہے
حسنؐ حسینؐ پہ احمدﷺ کا ناز مسئلہ ہے
خدا کو سجدہ کناں ہیں فریق دونوں طرف
غلط کہ دشتِ بلا میں نماز مسئلہ ہے
علیؐ ولی سے ملاقات میں ہے یہ حائل
کچھ اس لیے مِرا عمرِ دراز مسئلہ ہے
یہ لا الہٰ کی ضمانت ہے پس ہمیشہ سے
یزیدیت کو حسینی محاذ مسئلہ ہے
خدا شعورِ درِ سیدہؓ نصیب کرے
ہمارا کب یہ نشیب و فراز مسئلہ ہے
ولا کی عالمِ ارواح میں ہوئی آمین
مگر زمیں پہ ابد تک یہ راز مسئلہ ہے
غمِ حسین کی آغوش میں پلے بڑھے ہیں
ہم ایسے لوگوں کا سوز و گداز مسئلہ ہے
برائے جَون علیہ السلام کہتے نہیں
منافقین کا قدرِ ایاز مسئلہ ہے
ہمارے سینے پہ ماتم کے کم نشاں ہیں ابھی
غمِ حسین میں تن کا لحاظ مسئلہ ہے
مَیں واجبی سا تعلق بھی کیوں رکھوں طاہر
جسے حسینؐ کی نذر و نیاز مسئلہ ہے




