انڈیا نے پانی روکنے کے لیے سٹرکچر بنایا تو اسے تباہ کر دیں گے: وزیر دفاع خواجہ آصف/ اردو ورثہ

پہلگام حملے کے بعد پاکستان اور انڈیا کے درمیان جاری کشیدگی سے متعلق دو مئی 2025 کی اپ ڈیٹس
صبح آٹھ بجے
انڈیا نے پانی روکنے کے لیے سٹرکچر بنایا تو اسے تباہ کر دیں گے: وزیر دفاع خواجہ آصف
پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے خبردار کیا ہے کہ پہلگام حملے کے بعد اگر انڈیا نے پانی روکنے کے لیے کسی قسم کا سٹرکچر بنانے کی کوشش کی تو ہم اسے تباہ کر دیں گے کیونکہ یہ پاکستان کے خلاف جارحیت ہوگی۔
جمعے کی شب جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ ’جارحیت صرف توپ کے گولوں سے یا بندوق سے نہیں ہوتی، اس کی بہت سی اشکال ہوتی ہیں، جس میں یہ بھی ایک شکل ہے، قومیں پیاس اور بھوک سے مر سکتی ہیں۔‘
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ’اگر انہوں نے ایسا کوئی سٹرکچر بنانے کی کوشش کی تو اسے پاکستان تباہ کرے گا۔‘
ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ہم فی الحال اس معاملے کو مختلف فورمز پر اٹھا رہے ہیں۔
جنگ کے خطرے کے حوالے سے وزیر دفاع نے کہا کہ حالات کے مطابق ہم سکون سے نہیں بیٹھ سکتے۔ ’2019 میں بھی انہوں نے 12 دن کے بعد ردعمل دیا تھا۔‘
خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ انڈین وزیراعظم مودی نے چار ووٹ بنانے کے لیے یہ ڈراما رچایا ہے تاکہ عوام کی رائے کو اپنے حق میں کیا جا سکے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پہلگام واقعے کے بعد وہاں فوراً ایف آئی آر درج کی گئی، بیان دیے گئے اور ہم پر الزام عائد کیا گیا، رپورٹس کے مطابق اس کی پہلے سے تیاری کی جا رہی تھی، تمام تر لوازمات پورے کیے جا ر ہے تھے کہ اس کا الزام پاکستان پر لگا دیا جائے۔
’ابھی تک کوئی شواہد نہیں ہیں، یہ سب سیاسی کھیل کے لیے، مفادات کے لیے کیا گیا ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ افواج پاکستان ملک کے چپے چپے کی حفاطت کریں گی۔
ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کی منسوخی کے انڈین اقدام کے بعد ہم قانونی کارروائی کریں گے۔ ’یہ ہمارا بنیادی حق ہے، اسے کوئی جھٹلا نہیں سکتا۔‘
دو مئی 2025 کی اپ ڈیٹس کے لیے یہاں کلک کریں




