اُردو ادباُردو شاعرینظم

اڑان / ثمرین اعجاز

اڑان

 

اپنے پر پھیلاؤ

تیار ہوجاؤ

اک نئی اُڑان بھرنے کو

اُڑو!

آسمان کی وسعتوں میں

بلندیوں کی جانب

روشن مستقبل کی خاطر

خوابوں کی تعبیر کیلیے

لیکن،

 اس پرواز میں بھول نہ جانا

اُن سب کو

جنہوں نےاُڑنے کو پر دیے

اپنے آبائی گھروں کو

 واپسی کے منتظر مکینوں کو

عمر رسیدہ جسموں کو

تھکن سے چُور رُوحوں کو

اُداسی اوڑھے چہروں کو

راہ تکتی آنکھوں کو

دھندلی بصارتوں کو

کمزور سماعتوں کو

سفیدی لیے بھنوؤں کو

حالات کی ستم زدہ پِیشانیوں کو

لمس کی منتظر جبینوں کو

کھوکھلی مسکراہٹ لیے ہونٹوں کو

خم رسیدہ کمر کو

ناتواں کندھوں کو

رعشہ زدہ ہاتھوں کو

چاندی اُترے بالوں کو

چھڑی کا سہارا لیے پیروں کو

بے لوث محبتوں کو

خالص جذبوں کو

انمول چاہتوں کو

بے فکری کے دنوں کو

جہاں بچپن گزرا اُن گلیوں کو

شرارتیں کرتے بچوں کو

اپنے ساتھ کھیلتے ہم جولیوں کو

گاؤں کے کھیت کھلیانوں کو

کئی خوشگوار یادوں کو

سنو!

یہ سب تمہارا قیمتی اثاثہ ہیں

دیکھو!

وقت کا پچھتاوا بننے سے پہلے لوٹ آنا

Author

  • توحید زیب

    روحِ عصر کا شاعر ، جدید نظم نگار ، نظم و غزل میں بے ساختگی کے لیے مشہور

Related Articles

Back to top button