دلچسپ و عجیب

منفرد اور دل چسپ / خدیجہ طاہر

 

امریکی مصنفہ اور مصورہ جیسکا ہیگی جو کہ زندگی کو پرتجسس ، تخلیقی اور بامعنی انداز سے دیکھتی ہیں ۔ ان کے بنائے کارٹون نیو یارک ٹائمز کا بھی حصہ بنتے رہتے ہیں۔ اس کے علاوہ انھیں کئی ایوارڈز سے بھی نوازا جا چکا ہے۔
جیسکا اپنی کتاب How to be interesting میں دس مختلف طریقوں سے زندگی کو دل چسپ بنانے پر زور دیتی ہیں ۔جن کو اختصار کے ساتھ کچھ یوں بیان کیا جا سکتا ہے ۔

دریافت کرنے نکلو:
یعنی جو کچھ آپ جانتے ہیں اسی پر قائم نہ رہیں۔ نئے مقامات دیکھیں، نئے سوالات پوچھیں، نئے لوگوں سے ملیں۔ تجسس ہی دل چسپی کی بنیاد ہے۔ جتنا آپ روایتی راستے سے ہٹ کر چلیں گے، زندگی اتنی ہی بھرپور ہوگی۔

جو آپ نے دریافت کیا اسے دوسروں کے ساتھ بانٹیں:
جب آپ کو کوئی دل چسپ چیز ملے کوئی حقیقت، جگہ یا کہانی تو اسے اپنے تک محدود نہ رکھیں۔ دل چسپ لوگ اپنے حاصل کو دوسروں میں بھی تقسیم کرتے ہیں۔

کچھ نہ کچھ کرتے رہیں:
بس بیٹھے ہی رہنا اور کئی طرح کے صرف منصوبے بناتے رہنا دل چسپ نہیں ہوتا۔ لہذا چھوٹے چھوٹے قدم اٹھائیں نیا مشغلہ اپنائیں ۔ چاہے بلاگ لکھنا ہو یا سوشل ورک کرنا ، یہ سب ترقی اور کہانیوں کے دروازے کھولتے ہیں۔

اپنی انفرادیت کو تسلیم کریں :
آپ کی عجیب عادات، خامیاں اور انوکھے شوق ہی آپ کو منفرد بناتے ہیں۔ دوسروں جیسا بننے کی دوڑ میں شامل نہ ہوں وہ کریں جو آپ کو الگ بناتا ہے۔ یہ ہی چیزیں یادگار بناتی ہیں۔

بامقصد رہیں:
چاہے وہ سماجی انصاف ہو، مقامی فن ہو یا ماحول کا تحفظ کسی بڑے مقصد سے وابستگی ہی آپ کو گہرائی اور مقصد دیتی ہے۔

عاجز بنے رہیں:
دل چسپ بننے کا مطلب خود نمائی نہیں بل کہ پراعتماد بننا ہے کیوں کہ عاجزی اور تجسس ہی دل جیتتے ہیں۔ آپ کا کام اور جذبہ آپ کے غرور سے زیادہ نظر آنا چاہیے۔

کوشش کریں:
ناکامی کا خطرہ مول لینا، تجربہ کرنا اور سیکھنا۔ یہ سب جرات مندانہ اور دل کش ہوتا ہے۔ لوگ بھی باہمت لوگوں کی ہی قدر کرتے ہیں۔

رواج سے ہٹ کر چلیں:
صرف رجحانات کی پیروی نہ کریں۔ بل کہ اپنے ذوق کے مطابق دوست بنائیں اور اپنی سوچ کو آزادی سے درست سمت میں بیان کریں۔

ہمت دکھائیں:
خطرہ مول لے کر بھی بہادری کا مظاہرہ ہی کریں، اپنی آواز بلند کریں۔ توقعات کو چیلنج کریں۔ دل چسپ لوگ خاموشی سے کنارے پر نہیں رہتے۔ وہ آگے بڑھتے ہیں چاہے کتنا ہی کیوں نہ مشکل ہو۔

تنقید کو نظر انداز کریں:
تنقید کرنے والے ہمیشہ موجود ہوں گے۔ دوسروں کے فیصلے کا خوف آپ کی اصل شخصیت کے ظاہر ہونے میں رکاوٹ نہیں بننا چاہیے۔ کیوں کہ دل چسپ لوگ ناپسند کئے جانے سے نہیں ڈرتے۔

Author

Back to top button