ورلڈ کپ 2023: پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 271 کا ہدف دے دیا
انڈیا کے شہر چینئی کے چدم برم سٹیڈیم میں جمعے کو کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے ایک اہم میچ میں جنوبی افریقہ کے خلاف پاکستان کی پوری ٹیم 46.4 اووروں میں 270 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
پاکستان کی اننگز کی قابلِ ذکر بات یہ تھی کہ کئی بلے باز سیٹ ہونے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ سعود شکیل نے 52، بابر اعظم نے 50 اور شاداب خان نے 43 رنز بنائے مگر وہ لمبی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور یوں پاکستان نے قبل از وقت آؤٹ ہو کر 20 قیمتی گیندیں ضائع کر دیں۔
میچ کی خاص بات سعود شکیل اور شاداب خان کی جارحانہ بیٹنگ تھی جنہوں نے 84 رنز کی شراکت جوڑی۔ شاداب نے 119، جب سعود نے 100 کے سٹرائیک ریٹ سے سکور کیا۔ البتہ کپتان بابر اعظم نے ففٹی تو بنائی مگر 65 گیندیں کھیل کر، اور یوں ان کا سٹرائیک ریٹ 77 رہا۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹگ کا فیصلہ کیا اور ابتدا میں ہی اس کی دو وکٹیں گر گئیں۔
اوپنر عبداللہ شفیق نو رنز بنا کر یانسن کی گیند پر انگیدی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد امام الحق 12 رنز بنا کر یانسن ہی کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
بعدازاں کپتان بابر اعظم اور رضوان احمد نے میچ کو کچھ سنبھالا دیا اور سکور کو 83 تک لے گئے لیکن اسی دوران محمد رضوان بھی ایک اٹھتی ہوئی گیند کو کھیلنے کی کوشش میں 31 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ بابر اعظم 50، جب کہ افتخار احمد 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
شاداب خان نے 43 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی مگر وہ کوئٹزی کے ایک باؤنسر کو کھیلنے کی کوشش میں مڈ آف پر مہاراج کو کیچ تھما بیٹھے۔
افتخار احمد نے 21 جب کہ محمد نواز نے 24 رنز سکور کیے۔
اسی میچ میں رضوان کے ون ڈے کیریئر میں دو ہزار رنز بھی مکمل ہوئے۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پاکستان نے اس بےحد اہم میچ کے لیے ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں اور بیمار حسن علی کی جگہ وسیم جونیئر کو شامل کیا ہے۔ اس کے علاوہ محمد نواز، اسامہ میر کی جگہ کھیل رہے ہیں۔ دوسری جانب جنوبی افریقہ کے مرکزی بولر کگیسو ربادا کمر کے پٹھوں میں کھنچاؤ کے باعث نہیں کھیل رہے۔
پاکستانی کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیتنے کے بعد کہا: ’ہر میچ اہم ہے لہٰذا ہم اپنی پوری کوشش کریں گے۔ ہماری کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ رنز بنا سکیں۔ ہمیں تمام شعبوں بالخصوص فیلڈنگ اور بولنگ میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔‘
اس موقعے پر جنوبی افریقہ کے کپتان ٹیمبا باؤما نے کہا کہ ’کھلاڑی متاثر کن کارکردگی دکھا رہے ہیں۔ بلے باز اپنی بہترین کارکردگی کے قریب ہیں، اگرچہ بہتری کی گنجائش موجود ہے لیکن اعتماد بہت زیادہ ہے۔‘
انہوں نے کہا: ’ہم بھی ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرتے تاہم امید کرتے ہیں کہ اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔‘
پاکستانی ٹیم کو پچھلے تین میچوں میں لگاتار شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، جس کے بعد ٹیم کا ورلڈ کپ سے باہر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ اس میچ میں شکست کے بعد اس کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے راستے تقریباً مسدود ہو جائیں گے، لیکن جیت سیمی فائنل تک پہنچنے کے امکانات کو زندہ کر دے گی۔
دوسری جانب جنوبی افریقہ کی ٹیم زبردست فارم میں ہے اور اس نے متعدد میچوں میں بڑے سکور کیے ہیں۔ وہ پانچ میچوں میں تین بار 380 سے زیادہ رنز بنا چکے ہیں۔
پاکستانی ٹیم: بابر اعظم (کپتان)، امام الحق، عبداللہ شفیق، محمد رضوان، سعود شکیل، افتخار احمد، شاداب خان، محمد نواز، شاہین آفریدی، محمد وسیم اور حارث رؤف۔
جنوبی افریقہ: ٹیمبا باؤما، کونٹن ڈی کاک، ریزی وان ڈسن، آئڈن مارکرم، ہائنرک کلاسن، ڈیوڈ ملر، مارکو یانسن، کیشو مہاراج، تبریز شمسی، گیرلڈ کوئٹزی، لنگی انگیدی۔




