صفائی عملے کی ہڑتال، فرانسیسی شہر میں تعفن سے شہریوں کو سانس لینا محال ہو گیا

مارسیلے: صفائی عملے کی ہڑتال کی وجہ سے فرانسیسی شہر مارسیلے میں تعفن سے شہریوں کو سانس لینا محال ہو گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فرانس کے دوسرے بڑے شہر مارسیلے میں گندگی کے ڈھیر لگ گئے ہیں، سینٹری ورکرز کی ہڑتال کی وجہ سے شہر کچرا کنڈی بن گیا۔
مارسیلے میں عوامی مقامات اور سڑکوں پر کوڑے کرکٹ کے ڈھیر لگ گئے ہیں، ہر جگہ گندگی پھیلی نظر آتی ہے، کئی ٹن بدبو دار کچرا جمع ہونے سے ماحول تعفن زدہ ہو گیا ہے جس سے شہری شدید اذیت میں مبتلا ہو گئے ہیں۔
شہر کی ٹرین اسٹیشنز، شاہراہوں، مارکیٹوں اور گلی کوچوں میں ہر طرف گندگی ہی گندگی ہے، کچرا جمع ہونے سے شہر کے گلی کوچوں میں چوہوں کی تعداد بڑھنے کا بھی خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
واضح رہے کہ شہر میں صفائی کے ذمہ دار عملے نے حکومت کی پنشن اصلاحات کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ہڑتال کر رکھی ہے۔




