حکومتی ارکان کی اپوزیشن بنچز پر بیٹھ کر گپیں خواتین تصاویر بناتی رہیں/ رانا فرحان اسلم

قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر سردار ایاز صادق کی زیرصدارت منعقد ہوا۔ پی ٹی آئی اراکین کی نااہلی پر اپوزیشن نے احتجاج کیا اور ایوان سے واک آؤٹ کر گئی۔ رکن قومی اسمبلی اقبال آفریدی نے کورم کی نشاندہی کر دی جس پر کورام پورا نکلا اور اجلاس جاری رہا لیکن اپوزیشن ایوان سے چلی گئی۔ اپوزیشن کے جانے کے بعد حکومتی اراکین اپوزیشن بنچز پر بیٹھے گپیں مارتے رہے۔ عقبی نشستوں پر خواتین اراکین اسمبلی گفت وشنید اور ایک دوسرے کی تصاویر بناتی رہیں۔ وزیر مملکت بیرسٹر عقیل پیپلزپارٹی کی اراکین قومی اسمبلی نفیسہ شاہ اور ڈاکٹر شگفتہ جمانی کے ساتھ محو گفتگو رہے۔ پارلیمانی سیکرٹری برائے وفاقی تعلیم فرح ناز اکبر بھی ان کے ساتھ بیٹھی رہیں۔ دوران اجلاس سپیکر قومی اسمبلی نشست سے اٹھ گئے۔ پینل آف چیئر کے رکن نے اجلاس کی کارروائی آگے بڑھائی اور بعدازاں نماز جمعہ سے قبل اجلاس کی کارروائی غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی گئی۔




