سعودی ولی عہد کی پاکستانی وزیر اعظم کو فیوچر انویسٹمنٹ فورم میں شرکت کی دعوت/ اردو ورثہ

پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے ہفتے کو وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے نویں فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹو فورم میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی، جسے وزیر اعظم نے قبول کر لیا۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
وزیر اعظم ہاؤس نے ایک بیان میں بتایا کہ سعودی سفیر نے 27-30 اکتوبر، 2025 کو ریاض میں منعقد ہونے والے فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹو (FII) فورم میں شرکت کے لیے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کا دستخط شدہ دعوت نامہ پیش کیا۔
بیان کے مطابق وزیر اعظم نے کانفرنس میں شرکت کی دعوت قبول کرتے ہوئے دعوت نامہ بھیجنے پر ولی عہد کا شکریہ ادا کیا۔
وزیر اعظم نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
بیان کے مطابق ملاقات کے دوران خطے کی حالیہ پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیر اعظم کے مشیر طارق فاطمی اور ڈاکٹر توقیر شاہ بھی موجود تھے۔



