منتخب کالم

فیلڈ مارشل کو مبارکباد اور محترمہ مریم نواز کو خراجِ تحسین/ سید روح الامین



کوئی مانے یا نہ مانے کسی کو اچھا لگے یا بُرا جب بھی ملک پاکستان پر مشکلات آتی ہیں تو واحد سیاسی جماعت مسلم لیگ ن آگے آتی ہے اور کسی نہ کسی طرح مشکلات پر قابو پا لیتی ہے۔ بادل نخواستہ بھی یہ کریڈٹ میاں نواز شریف اور اُن کی جماعت کو ہی جاتا ہے۔ 2008ء سے 2013ء تک کا دَور جب محترمہ بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد پیپلز پارٹی کو حکومت دی گئی اور زرداری صاحب صدرِ پاکستان بنے، 2013ء کے بعد جب حکومت مسلم لیگ ن کو ملی اور نواز شریف صاحب وزیر اعظم بنے تو میاں صاحب نے نہ صرف ملک میں موٹر ویز کے جال بچھائے بلکہ محنت و جدوجہد سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کر کے ملک میں سے تاریکیوں کا خاتمہ کیا۔ خاکم بدہن بعض لوگوں کو ملکی ترقی راس نہ آئی تو 2018ء کے الیکشن میں میاں صاحب کو نہ صرف ’’ناکام‘‘ کر دیا گیا بلکہ پانامہ کی آڑ میں اُن پر مقدمہ درج کر دیا گیا۔
معنی خیز بات تو یہ ہے کہ پانامہ کیس میں تقریباً ساڑھے چارسو افراد کے نام شامل تھے۔ اُن میں صرف میاں صاحبان کو نشانہ بنایا گیا۔ وطنِ عزیز میں چونکہ ہر دور میں عدالتیں بھی استعمال ہوتی رہی ہیں، لہٰذا پانامہ کیس کی آڑ میں نہ صرف میاں صاحب کو سزا سنائی گئی بلکہ اُن کو مصائب و مشکلات سے بھی دوچار ہونا پڑا۔ جھوٹا مقدمہ تھا۔ بہرحال ملک ترقی کرتے کرتے پھر پیچھے چلا گیا، اُسی اذیت ناک دور میں بیگم کلثوم نواز صاحبہ کا بھی انتقال ہو گیا اور پھر میاں صاحبان کی والدہ صاحبہ کا بھی انتقال ہو گیا۔ محترمہ مریم نواز شریف کو جیل میں ڈال دیا گیا۔ سارا سارا دن عدالتوں میں انہیں ذلیل وخوار ہونا پڑتا۔ پھر تیسری پارٹی کی حکومت کو عدم اعتماد کے ذریعے ختم کر دیا گیا۔ ملک میں غیر یقینی کی سی صورت حال تھی۔ بیروزگاری، غربت، مہنگائی عروج پرتھی۔ پھر 2024ء میں الیکشن ہوئے۔
ہر طرف ملک کے ڈیفالٹ ہونے کی آوازیں سنائی دیتی تھیں۔ پھر جب شہباز شریف وزیر اعظم منتخب ہوئے اور پنجاب میں مریم نواز صاحبہ کو وزارتِ اعلیٰ سونپ دی گئی۔ فیلڈ مارشل نے ملک کوڈیفالٹ سے بچانے کے لیے یوں حکومت کا پورا پورا ساتھ دیا۔ دوسرے ملکوں کا تعاون حاصل کیا۔ اللہ کے کرم سے آج ملک میں ڈیفالٹ کا خطرہ بھی نہیں ہے۔
 ملک ماشاء اللہ ترقی کی راہوں پر گامزن ہے۔ پنجاب میں مریم نواز صاحبہ خوب محنت کر رہی ہیں۔ ہماری نظر میں تو مریم نواز صاحبہ ، شہبازشریف اور محسن نقوی صاحب کو مات دے گئی ہیں۔ نت نئے مصنوبے عوام کی فلاح کے لیے وضع کیے جا رہے ہیں اور اُن سے عوام الناس استفادہ بھی کر رہے ہیں۔ محترمہ مریم نواز صاحبہ نے دن رات محنت کر کے یہ ثابت کر دیا ہے کہ ’’ہمت کرے انسان تو کیا ہو نہیں سکتا‘‘۔ ظاہر ہے وزیر اعظم شہباز شریف صاحب اور محترمہ مریم نواز صاحبہ کو میاں نواز شریف صاحب کی مکمل سرپرستی اور تعاون حاصل ہے۔ اُن کے مفید مشوروں کے ساتھ ہی ملک آگے بڑھ رہا ہے۔
عزت اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے۔ حالیہ دِنوں میں مودی حکومت نے پاکستان کے ساتھ رات کے اندھیرے میں جب چھیڑ خانی کی تو فیلڈ مارشل سیّد عاصم منیر کی قیادت میں پاک افواج نے دن دیہاڑے مودی سرکار کو جب منہ توڑ جواب دیا تو پوری دنیا نے دیکھا کہ مُودی کو جو ذِلت و شرمندگی مِلی اور ٹرمپ کو مودی کی طرف سے درخواست کی گئی کہ پاکستان کو کہہ کر جنگ بندی کرائی جائے۔ ظاہر ہے ہم مسلمان ہیں ہم کبھی بھی پہل نہیں کرتے ہم تو امن کے داعی ہیں۔ امن و سلامتی کے ضامن ہیں مگر ساتھ ہی دشمن کی چالوں کے مقابلے کے لیے ہمیں اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہر وقت اپنے گھوڑے تیار رکھنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔ بہرحال فیلڈ مارشل عاصم منیر صاحب کے اس جرأت مندانہ اقدام کے عوض قوم نے انہیں فیلڈ مارشل کے خطاب سے نوازا۔ پھر ٹرمپ سے دو گھنٹہ ملاقات اُس کی خواہش پر یہ پاکستان کے لیے اعزاز ہے۔
 ہم دلی طور پر فیلڈ مارشل جناب سیّد عاصم منیر اور پاک افواج کو دلی مبارک باد پیش کرتے ہیں اور اللہ تعالیٰ کرے کہ ہماری افواج یوں ہی وطن عزیز کی حفاظت و سربلندی کے لیے کوشاں رہیں اور ہم وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز صاحبہ کو بھی دلی مبارک باد پیش کرتے ہیں اور اُن کے لیے نیک خواہشات کا اظہارکرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ پنجاب کے عوام کی اُن کو زیادہ سے زیادہ خدمت کرنے کی توفیق دے۔ آمین!





Source link

Author

Related Articles

Back to top button