خبریں

وزیر اعظم شہباز شریف آج متحدہ عرب امارات کے دورے پر روانہ ہوں گے/ اردو ورثہ


وزیراعظم شہباز شریف آج (جمعرات کو) اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ متحدہ عرب امارات کے سرکاری دورے پر روانہ ہوں گے۔

وزیراعظم کے ہمراہ وفد میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزراء اور دیگر سینیئر افسران شامل ہوں گے۔

11 جون 2025 کو پاکستان کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ ’دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف متحدہ عرب امارات کی قیادت کے ساتھ اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کریں گے، جن میں متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظبی کے حکمران شیخ محمد بن زاید النہیان کے ساتھ ملاقات بھی شامل ہو گی۔

’ان اعلیٰ سطحی روابط کے دوران دو طرفہ، علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، جو دونوں ممالک کے باہمی مفاد اور تشویش کا باعث ہیں۔‘

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ ’وزیراعظم کا یہ دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، اقتصادی روابط کو گہرا کرنے اور کثیرالجہتی تعاون کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگا۔

’یہ دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے اس مشترکہ عزم کا مظہر ہے کہ باہمی مفاد پر مبنی سٹریٹجک شراکت داری کو فروغ دیا جائے، باہمی دلچسپی کے موجودہ شعبوں میں تعاون کو وسعت دی جائے اور دوطرفہ خوشگوار تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے نئے مواقع تلاش کیے جائیں۔‘

اپریل 2025 میں پاکستان کے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کے متحدہ عرب امارات کے دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان، ریڈیو پاکستان کے مطابق، تین مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے تھے۔

ان میں سے دو مفاہمتی یادداشتیں ثقافت کے شعبے میں تعاون اور قونصلر امور کے لیے مشترکہ کمیٹی کے قیام سے متعلق تھیں۔

جب کہ ایک یادداشت متحدہ عرب امارات کے فیڈریشن آف چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور پاکستان کے فیڈریشن آف چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے درمیان یو اے ای-پاکستان مشترکہ بزنس کونسل کے قیام کے لیے کی گئی۔

فروری 2025 میں، وزیراعظم شہباز شریف کو متحدہ عرب امارات کی قیادت کی جانب سے دبئی میں منعقدہ ورلڈ گورنمنٹس سمٹ (WGS) میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی، جہاں انہوں نے کلیدی خطاب کیا۔

اپنے خطاب میں انہوں نے پاکستان کے جامع اقتصادی ترقی، ڈیجیٹل تبدیلی اور گورننس اصلاحات کے وژن کو اجاگر کیا۔

متحدہ عرب امارات مشرقِ وسطیٰ میں پاکستان کے سب سے بڑے تجارتی شراکت داروں میں سے ایک ہے اور زرِمبادلہ کا ایک اہم ذریعہ بھی ہے، جہاں ایک بڑی تعداد میں پاکستانی تارکینِ وطن مقیم ہیں اور کام کر رہے ہیں۔

Author

Related Articles

Back to top button