منتخب کالم
پارلینٹ لاجزمیں سروسز فراہمی ناقص‘ ارکان قومی اسمبلی/ وقار عباسی

بدھ کے روز ایوان زیریں کا اجلاس ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی میر غلام مصطفی شاہ کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں ہوا۔ اراکین اسمبلی نے سی ڈی اے کی جانب سے پارلیمنٹ لاجز میں سروسز کی فراہمی کو ناقص و غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے ان سے یہ کنٹریکٹ واپس لینا کا مطالبہ کیا اراکین نے شکایات کیں کہ وہ پارلیمنٹ لاجز میں اکیلے نہیں رہ رہے بلکہ دیوہیکل چوہے بھی ان کے ساتھ رہائش پذیر ہیں۔ ارکان نے اپنے لیے نئے لاجز کی تعمیر میں 17سال کی تاخیر کا بھی معاملہ زیر بحث لایا‘ پیپلز پارٹی کے رہنما عبدالقادر پٹیل نے وزیر قانون سے مطالبہ کیا کہ وہ صرف ایک بار وزیر داخلہ محسن نقوی کو ایوان میں لا کر سپیکر ڈائس کے سامنے کھڑا کریں ہم ارکان ان کی زیارت کرنا چاہتے ہیں۔ ایوان میں ایم کیو ایم کے اراکین نے سول ایوی ایشن پر الزام عائد کیا کہ وہ پانچ سال قبل حادثے کا شکار ہونے والی پی آئی اے کی فلائٹ کے متاثرہ خاندانوں سے فون اور لیپ ٹاپ کی رسیدیں طلب کررہے ہیں۔ ڈپٹی سپیکر نے اس بات پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے معاملہ متعلقہ کمیٹی کو ریفر کردیا۔




