’پاکستان پوری طرح تیار‘: آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کا آج سے کراچی میں آغاز/ اردو ورثہ

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) چیمپیئنز ٹرافی کا آغاز بدھ یعنی آج سے کراچی میں میزبان پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ سے ہونے جا رہا ہے۔
دفاعی چیمپیئن پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ایونٹ کا ابتدائی میچ مقامی وقت کے مطابق دن دو بجے کھیلا جائے گا۔
یہ 29 سال بعد پہلا موقع ہے جب پاکستان کرکٹ کے کسی عالمی مقابلے کی میزبانی کر رہا ہے۔ اس سے قبل پاکستان نے 1996 میں ہوئے کرکٹ ورلڈ کپ کے کچھ میچز کی میزبانی کی تھی۔
حکام کے مطابق 19 فروری سے نو مارچ تک جاری رہنے والی آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے لیے سکیورٹی کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایونٹ کے آغاز سے ایک روز قبل کہا ہے کہ ’پاکستان چیمپیئنز ٹرافی کے لیے پوری طرح سے تیار ہے۔‘
پی سی بی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے چیمپیئنز ٹرافی کے پہلے میچ س قبل ایک مختصر تقریب کا انعقاد کیا جائے گا جس میں صدر مملکت آصف علی زرداری مہمان خصوصی ہوں گے۔
اس کے علاوہ پاکستان ائیر فورس کے زیر اہتمام ’شیر دل شو‘ کا فضائی مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔
ایونٹ میں کل آٹھ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جس کے لیے انڈیا اور بنگلہ دیش کے علاوہ باقی تمام ٹیمیں پاکستان پہنچ چکی ہیں۔
انڈیا اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں متحدہ عرب امارات میں موجود ہیں جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان 20 فروری کو میچ کھیلا جائے گا۔
بنگلہ دیش کی ٹیم اس میچ کے بعد پاکستان آ جائے گی جبکہ طے شدہ شیڈول کے مطابق انڈیا اپنے تمام میچز متحدہ عرب امارات میں ہیں کھیلے گا۔
سکیورٹی انتظامات اور فینز کے لیے ہدایات
پولیس کے مطابق کراچی میں 6700 سے زائد سکیورٹی اہلکار تعینات ہوں گے جبکہ لیڈی کمانڈوز سمیت ایس ایس یو کے 1045 کمانڈوز بھی فرائض انجام دیں گے۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
کراچی پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سکیورٹی ڈویژن کے 1745، ٹریفک پولیس کے 1390، سپیشل برانچ کے 328 اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
اس کے علاوہ فینز کے لیے ٹریفک پلان بھی جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق نیشنل بینک سٹیڈیم میچ دیکھنے آنے والے شائقین کے لیے سٹیڈیم سے متصل چائنا گراؤنڈ اور نیشنل کوچنگ سینٹر میں گاڑیوں اور موٹر سائیکلیں پارک کی جا سکیں گی۔
جبکہ وی آئی پیز اور خصوصی پاسز کی حامل گاڑیوں کی پارکنگ سٹیڈیم کے اندر ہی رکھی گئی ہے۔
حکام کے مطابق نیشنل بینک سٹیڈیم کے تمام گیٹ میچ شروع ہونے سے تین گھنٹے پہلے کھول دیے جائیں گے۔
دوسری جانب صوبہ پنجاب میں پولیس کے انسپکٹر جنرل ڈاکٹر عثمان انور نے پیر کو ایک بیان میں کھلاڑیوں اور فینز کو ’بہترین‘ سکیورٹی فراہم کرنے کا کہا تھا۔
آئی جی پنجاب نے کہا تھا کہ ’ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں، آفیشلز، شائقین کرکٹ کو بھرپور سکیورٹی فراہم کریں گے۔ پرامن اور محفوظ ماحول میں انٹرنیشنل میچز کا انعقاد یقینی بنائیں گے۔‘




