خبریں

نو منتخب وزیراعظم شہباز شریف آج اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے


پاکستان میں عام انتخابات 2024 کے بعد حکومت سازی اور دیگر سیاسی سرگرمیوں پر انڈپینڈنٹ اردو کی لائیو اپ ڈیٹس۔

  • وزیراعظم شہباز شریف کی حلف برداری ہو گی
  • شہباز شریف 201 ووٹ لے کر پاکستان کے 24ویں وزیراعظم منتخب 
  • تحریک انصاف کے امیدوار عمر ایوب نے 92 ووٹ لیے
  • صدارتی انتخابات میں آصف علی زرداری اور محمود خان اچکزئی مدمقابل

4 مارچ صبح 10  بجکر 30 منٹ

خیبرپختونخوا اسمبلی: وزیراعلیٰ آج مالی معاملات کی قرارداد پیش کریں گے

خیبر پختونخوا اسمبلی کے آج ہونے والے اجلاس میں وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور صوبے کے مالی معاملات کے حوالے سے قرارداد پیش کریں گے۔

صوبائی اسمبلی کے ایجنڈے کے مطابق یہ قرار آئین کے آرٹیکل 125 کے تحت پیش کی جائے گی۔ یہ آرٹیکل مالی سال کے دوران مختصر دورانیے کے لیے اسمبلی کو گرانٹ پیش کرنے کی اجازت دیتا ہے۔

نامہ نگار اظہار اللہ کے مطابق خیبر پختونخوا کی سابق نگران حکومت نے صوبے کے لیے چار ماہ یعنی جون تک کی بجٹ کے لیے نگران کابینہ سے منظوری نہیں لی تھی۔ امکان یہی ہے کہ اجلاس میں چار ماہ کا بجٹ پیش کر کے اسمبلی سے پاس کرایا جائے گا۔


4 مارچ صبح 10  بجکر 05 منٹ

صدارتی امیدوار محمود خان اچکزئی کے گھر مبینہ چھاپے کے خلاف احتجاج کا اعلان

پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے پی کے میپ کے رہنما اور سنی اتحاد کونسل کے صدارتی امیدوار محمود خان اچکزئی کے گھر پر مبینہ چھاپے کے خلاف احتجاج کا اعلان کیا ہے۔

صحافی اعظم الفت کے مطابق کوئٹہ میں اتوار کی شب پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ میں ایک ہنگامی پریس کانفرنس میں پشتونخوامیپ کے سکرٹری عبدالرحیم زیارتوال نے الزام عائد کیا کہ جماعت کے سربراہ اور صدارتی امیدوار محمود خان اچکزئی کے گھر پر پولیس نے بلا جواز چھاپہ مارا ہے اور یہ چھاپہ ’کسی مجسٹریٹ کے بغیر مارا گیا،اور پولیس نے پارٹی کے سربراہ کے ایک ذاتی محافظ کو گرفتار بھی کیا جن کے پاس لائسنس یافتہ اسلحہ تھا۔‘

پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے رہنماؤں نے کہا کہ ’پارٹی کے سربراہ نے گذشتہ روز قومی اسمبلی کے اجلاس میں حالیہ انتخابات میں دھاندلی اور اس کے ذمہ دار افراد کے خلاف حقائق بیان کیے جس پر رات کو ان کے گھر پر چھاپہ مار کر ان کو انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا گیا۔‘

انہوں نے پارٹی کے سربراہ کے گھر پر چھاپے کی مذمت کرتے ہوئے اس کے خلاف آج تین بجے احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا۔

 پی کے میپ کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ’اس قسم کی کاروائیوں سے پارٹی اور اس کی قیادت کو مرعوب نہیں کیا جاسکتا ہے۔‘

دوسری جانب سابق نگران وزیر بلوچستان جان اچکزئی نے اس  واقعے پر موقف دیتے ہوئے اس کی تردید کی ہے۔

ان کے مطابق ’یہ کاروائی محمود خان اچکزئی کے گھر پر نہیں کی گئی نہ ہی چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا گیا۔ کاروائی صرف قبضہ مافیا کے خلاف عمل میں آئی۔‘


4 مارچ صبح 7 بجکر 50 منٹ

نو منتخب وزیراعظم شہباز شریف آج اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے

پاکستان میں عام انتخابات 2024 کے بعد قومی اسمبلی سے منتخب ہونے والے نو منتخب وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف آج اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

 

ایوان صدر کے مطابق شہباز شریف کے حلف کی تقریب دن تین بجے ہو گی۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی شہباز وزیراعظم سے حلف لیں گے۔ جبکہ حلف برداری تقریب میں شرکت کیلئے دعوت نامے بھی جاری کردیے گئے ہیں۔

گذشتہ روز قومی اسمبلی میں وزیراعظم کے انتخاب کے دوران شہباز شریف نے 201 ووٹ لیے تھے جبکہ ان کے مدمقابل پاکستان تحریک کے انصاف اور سنی اتحاد کونسل کے امیدوار عمر ایوب خان نے 92 ووٹ حاصل کیے تھے۔

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کو پاکستان پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم پاکستان، پاکستان مسلم لیگ، استحکام پاکستان پارٹی سمیت دیگر جماعتوں کی حمایت حاصل تھی۔


4 مارچ صبح 7 بجکر 40 منٹ

عالمی رہنماؤں کی وزیراعظم شہباز شریف کو مبارک باد

پاکستان کی قومی اسمبلی سے وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد کئی ممالک کے سربراہوں نے وزیراعطم شہباز شریف کو مبارک باد دی ہے۔

ان رہنماؤں میں ایران کے چینی صدر شی جن پنگ، ترکی کے صدر رجب طیب اردوان اور ایران کے صدر ابراہیم رئیسی شامل ہیں۔

ان رہنماؤں نے وزیراعظم شہباز شریف کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

چینی میڈیا کے مطابق چینی اپنے بیان میں چینی صدر چینی صدر نے کہا کہ شہبازشریف کی قیادت میں پاکستان ترقی کی نئی منازل طے کرے گا، دونوں ممالک مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنا سکتے ہیں۔

ترک میڈیا کے مطابق ترک صدر طیب اردوان نے نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف کو فون کر کے دوسری مرتبہ وزیراعظم منتخب ہونے پر انہیں مبارکب اد پیش کی۔

ترک صدر نے پاکستان کو ترقی کی راہ پرگامزن کرنے کی شہبازشریف کی صلاحیت پراعتماد کا بھی اظہار کیا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نےبھی پاکستان کی نئی حکومت کی کامیابی اور ملک کی خوشحالی کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی نئی حکومت پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اقدامات اٹھائے گی۔

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔





Source link

Author

Related Articles

Back to top button