بلاگ

بچوں کو موبائل فون سے دور رکھنے کے لیے عملی تجاویز/ کنول بہزاد

ٹیکنالوجی کے اس دور میں جب موبائل فون ہماری زندگیوں کا لازمہ بن چکا ہے، بچوں کو اس سے دور رکھنے یا اس کا استعمال محدود کرنے کے لیے درج ذیل تدابیر اختیار کی جا سکتی ہیں:

سب سے پہلے، ہمیں خود بچوں کے سامنے موبائل فون کا استعمال کم کرنا ہوگا۔ بچوں کے ساتھ تعمیری اور مثبت وقت گزارنے کی ضرورت ہے۔ ان ڈور گیمز اس حوالے سے ایک بہترین آپشن ہیں۔ ایسی بہت سی کھیلیں ہیں جو چھوٹے سے کمرے یا لاونج میں بھی کھیلی جا سکتی ہیں۔ یہ گیمز بچوں کی ذہنی اور جسمانی یکسوئی کو بہتر بناتی ہیں، اور ان میں والدین کی شمولیت بچوں کو خوشی کے ساتھ ساتھ اعتماد بھی دیتی ہے۔

ایک موثر طریقہ بچوں کو کہانی سننے اور سنانے کی طرف راغب کرنا ہے، جس میں والدین اور اساتذہ بہترین کردار ادا کر سکتے ہیں۔ اس کے فوائد بے شمار ہیں: ذہن متحرک ہوتا ہے، خیال آفرینی اور تخیل کو پرواز ملتی ہے، ذخیرہ الفاظ میں اضافہ ہوتا ہے، جملوں کی ساخت اور گفتگو کا فن سیکھنے کا موقع ملتا ہے، اور زباندانی میں بہتری آتی ہے۔

بچوں کو مطالعے کی طرف مائل کرنے کی کوشش کریں۔ اچھی کتابیں خود بھی پڑھیں اور بچوں کو بھی تحفے میں دیں۔ انہیں کوئی دلچسپ ہدف دیں، جیسے: "آج اتنے صفحات پڑھیں گے تو انعام ملے گا۔” انعام ان کی پسند کا کوئی بھی چھوٹا سا تحفہ ہو سکتا ہے۔

بچوں کو فطرت کے قریب لانے کی بھی کوشش کریں۔ قریبی کسی باغیچے میں سیر کو معمول بنائیں، گھر میں پودے لگائیں۔ اگر جگہ نہ ہو تو گملے میں بیج بوئیں۔ ان کی دیکھ بھال اور پانی دینے کے لیے بچوں کو شامل کریں۔ ایک بیج کو پودا بنتے دیکھنا ان کے لیے ایک دلچسپ اور سیکھنے والی سرگرمی ثابت ہو سکتی ہے۔

بچوں کے دوستوں کو گھر پر مدعو کریں اور پارٹی کا اہتمام کریں، لیکن یہ اصول طے کریں کہ اس دوران کوئی موبائل فون استعمال نہیں کرے گا۔ بچوں کے ساتھ اپنی زندگی کے دلچسپ تجربات شیئر کریں تاکہ وہ بھی اپنے خیالات اور مشاہدات سے ایک دوسرے کو آگاہ کریں۔ خوش گوار ماحول میں ہنسیں، کھیلیں اور ایک دوسرے کو ہاتھ سے بنے تحائف دیں۔

بچوں کو رنگوں اور برش سے محبت کرنا سکھائیں۔ یہ سرگرمی بھی انہیں طویل وقت تک مصروف رکھ سکتی ہے اور ان کی تخلیقی صلاحیتوں کو جلا بخشتی ہے۔

ان تمام تجاویز پر عمل ممکن ہے، لیکن اس کے لیے والدین اور اساتذہ کی بھرپور دلچسپی اور عملی شمولیت نہایت ضروی ہے۔

Author

Related Articles

Back to top button