لاہور ہائیکورٹ نے حسان نیازی کو الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت دے دی

لاہور ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کے بھانجے حسان نیازی کو الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت دے دی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے جج جسٹس علی باقر نجفی نے تحریری فیصلہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ آرمی ایکٹ میں ایسی شق نہیں کہ انڈر ٹرائل ملزم الیکشن میں حصہ نہیں لے سکتا۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ حسان نیازی الیکشن میں حصہ لینا چاہیں تو کمانڈنگ افسر انہیں دستخط کی اجازت دیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں حسان نیازی نے عام انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا تھا اور اس حوالے سے عدالت میں درخواست دائر کی تھی۔
انہوں نے اپنی والدہ کی معرفت کاغذات نامزدگی پر دستخط کی اجازت کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا جس میں میں وفاق، پنجاب حکومت ودیگر کو فریق بنایا گیا تھا۔
حسان نیازی کی جانب سے درخواست میں نشاندہی کی گئی تھی کہ الیکشن کمیشن نے انتخابی شیڈول کا اعلان کر دیا ہے جب کہ وہ نہ تو نا اہل ہیں اور نہ ہی کسی مقدمے می سزا یافتہ ہیں تاہم اس وقت ملٹری کسٹڈی میں ہیں۔
حسان نیازی کی جانب سے درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ انہیں کاغذات نامزدگی داخل کرانے کا پراسس مکمل کرنے کی اجازت دی جائے اور اس کے ساتھ ہی کاغذات نامزدگی پر دستخط کرانے کی اجازت بھی دی جائے۔




