ورلڈ کپ فائنل: بھارت کی پہلی وکٹ 30 رنز پر گر گئی

آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ 2023 کے فائنل میچ میں آسٹریلیا نے میزبان بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی انڈیا کی پہلی وکٹ 30 رنز پر گر گئی۔
دنیائے کرکٹ کا نیا حکمران کون ہوگا یہ انتظار چند گھنٹوں بعد ختم ہونے کو ہے۔ نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میگا ایونٹ کے فائنل مقابلے میں بھارت نے 30 رنز پر اپنی پہلی وکٹ گنوا دی ہے۔
بھارت کی جانب سے اننگ کا آغاز کپتان روہت شرما اور شبھمن گل نے کیا تاہم یہ ساتھ 30 رنز تک قائم رہا۔ مچل اسٹارک نے 4 رنز کے انفرادی اسکور پر شبھمن گل کو آؤٹ کر دیا۔
5 اوورز کے اختتام پر بھارت نے ایک وکٹ پر 37 رنز بنا لیے ہیں۔ کپتان روہت شرما جارحانہ موڈ میں دکھائی دیتے ہیں جنہوں نے 20 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 31 رنز بنا لیے ہیں جس میں دو چھکے اور تین چوکے شامل ہیں جب کہ ویرات کوہلی ایک رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔
اس سے قبل ٹاس کے بعد آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کا کہنا تھا کہ وکٹ خشک ہے اسی لیے پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، یہ پچ وقت کے ساتھ ساتھ بہتر ہوتی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ میچ میں جلد وکٹیں لینے کی کوشش کریں گے۔ آج کے میچ کے لیے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔
بھارتی کپتان روہت شرما نے کہا کہ ہم ٹاس جیتتے تو پہلے بیٹنگ ہی کرتے۔ کوشش ہوگی کہ زیادہ سے زیادہ رنز اسکور کریں اور حریف کو بڑا ہدف دے کر دباؤ بنائیں۔
روہت کا مزید کہنا تھا کہ ورلڈ کپ فائنل میں بھارتی ٹیم کی قیادت کرنا خواب جیسا ہے۔
بھارت رواں ورلڈ کپ میں نا قابل شکست رہا ہے دو بار ورلڈ کپ کی ٹرافی اٹھا چکا ہے جب کہ اس کا حریف بھی تگڑا ہے جو اس میگا ایونٹ کے ابتدائی دو میچز ہارنے کے بعد ایسا جاگا کہ مسلسل 8 میچز جیت چکا ہے جب کہ وہ ریکارڈ 5 بار کا عالمی چیمپئن ہونے کا اعزاز بھی رکھتا ہے۔
دونوں ٹیمیں 20 سال بعد ورلڈ کپ کے فائنل میں ٹکرائیں گی اس سے قبل 2003 کے ورلڈ کپ میں کینگروز نے بھارتی سورماؤں کو با آسانی شکست دے کر دوسری بار عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
آج ورلڈ کپ کی ٹرافی اٹھانے کے لیے آسٹریلیا اور بھارت کے سپر اسٹارز اپنی جان لگا دیں گے اور بہترین کھیل پیش کریں گے۔ دونوں ٹیمیں اور ان کے کھلاڑی بھرپور فارم میں ہیں اس لیے آج کانٹے کا مقابلہ ہونے کا امکان ہے۔
انڈین میڈیا کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی بھی ورلڈ کپ کا فائنل میچ دیکھنے اسٹیڈیم پہنچیں گے جبکہ بالی ووڈ کی مشہور شخصیات کی آمد بھی متوقع ہے۔ ایک لاکھ 32 ہزار افراد کی گنجائش والا اسٹیڈیم تماشائیوں سے کھچا کھچ بھرا ہوا ہوگا۔
آج کے میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔
بھارت:
روہت شرما (کپتان)، شبھمن گل، ویرات کوہلی، شریاس ائیر، کے ایل راہول، سوریا کمار یادیو، رویندرا جڈیجہ، جسپرت بمرا، محمد شامی، کلدیپ یادیو اور محمد سراج
آسٹریلیا:
پیٹ کمنز (کپتان)، ٹریوس ہیڈ، ڈیوڈ وارنر، مچل مارش، اسٹیون اسمتھ، مارنوس لبھوشن، گلین میکسویل، جوش انگلس، مچل اسٹارک، ایڈم زمپا اور جوش ہیزل ووڈ۔
ورلڈ کپ فائنل اے اسپورٹس پر براہ راست دکھایا جائے گا۔



