القادر یونیورسٹی ٹرسٹ کی دوبارہ رجسٹریشن کیلئے درخواست دائر

اسلام آباد : چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے القادر یونیورسٹی ٹرسٹ کی دوبارہ رجسٹریشن کیلئے درخواست دائر کردی۔
تفصیلات کے مطابق القادر یونیورسٹی ٹرسٹ کی دوبارہ رجسٹریشن کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔
چیئرمین پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی اور ٹرسٹ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے درخواست دائر کی، جس میں استدعا کی ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ القادر ٹرسٹ کی دوبارہ رجسٹریشن کا حکم دے۔
درخواست میں یہ بھی استدعا کی گئی کہ عدالت لیبر اینڈانڈسٹری ڈائریکٹوریٹ کی جانب سےالتواکوخلاف قانون قرار دے اور فریقین کوالقادر ٹرسٹ کی سرگرمیوں میں رکاوٹ ڈالنے سے روکے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ القادر یونیورسٹی ٹرسٹ 1982 کے ٹرسٹ ایکٹ کے تحت رجسٹر کرایا گیا، اسلام آباد ٹرسٹ ایکٹ 2020 کے بعد 1982 کا ایکٹ منسوخ ہو گیا، نئے ایکٹ کے نفاذ کے بعد پہلے سے رجسٹرڈ ٹرسٹ کو دوبارہ رجسٹر کرایا جانا تھا۔
درخواست گزار کا کہنا تھا کہ 22 فروری کو ٹرسٹ کی رجسٹریشن کیلئے لیبر اینڈ انڈسٹری ڈائریکٹ کو درخواست دی، ایکٹ نفاذ کے فوری بعد دوبارہ رجسٹریشن سے متعلق بالکل واضح نہیں تھا۔
درخواست میں کہا گیا کہ اکتوبر2022سےمارچ2023تک درخواستیں دیں لیکن کوئی کارروائی نہ ہوئی، دوبارہ رجسٹریشن کیلئے زبانی طور پر دوبارہ نئی ٹرسٹ ڈیڈ تیار کرنے کا کہا گیا، پھر 30 اپریل 2023 کو نئی ٹرسٹ ڈیڈ تیار کر کے جمع کرائی لیکن کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ رجسٹریشن اور ہائیکورٹ فیصلے تک ٹرسٹ کو کام جاری رکھنے کی اجازت دی جائے۔




