اسرائیل کا ایران کے متعدد مقامات پر حملہ/ اردو ورثہ

اسرائیلی فوج نے جمعے کو کہا کہ اس نے ایرانی فوجی اور جوہری مقامات کو نشانہ بنانے والے حملوں کا ’پہلا مرحلہ‘ مکمل کر لیا ہے جبکہ ایران کے سرکاری میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ اسرائیل نے رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا کہ ’کچھ دیر پہلے اسرائیلی فضائیہ کے درجنوں طیاروں نے پہلا مرحلہ مکمل کیا، جس میں ایران کے مختلف علاقوں میں ایٹمی اہداف سمیت درجنوں فوجی اہداف پر حملے شامل تھے۔‘
دوسری جانب ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی ارنا نے دارالحکومت میں متعدد علاقوں کا نام دیتے ہوئے کہا کہ ’تہران میں کئی عمارتوں کو حملوں کا نشانہ بنایا گیا ہے۔‘
ارنا نے مزید رپورٹ کیا کہ ’ایران میں ایک رہائشی کمپلیکس میں خواتین اور بچوں سمیت متعدد افراد کو شہید کر دیا گیا۔‘
ایران کے سرکاری ٹی وی کے مطابق جمعے کی صبح ایران کے وسطی صوبے اصفہان کے شہر نتنز میں بھی دھماکوں کی آواز سنی گئی۔ نتنز ایران میں یورینیم کی افزودگی کے اہم مراکز میں سے ایک ہے۔
ایک اسرائیلی سکیورٹی اہلکار نے بتایا کہ جمعے کو اسرائیلی حملوں میں ایران کی مسلح افواج کے چیف آف سٹاف محمد باقری کو ’ممکنہ طور پر ختم‘ کر دیا ہے۔
اہلکار نے سکیورٹی وجوہات کی بنا پر نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر اے ایف پی کو بتایا: ’امکان ہے کہ ایرانی چیف آف سٹاف اور سینیئر جوہری سائنس دانوں کو ابتدائی حملے میں ہی ختم کر دیا گیا ہے۔‘
یہ ابتدائی خبر ہے، جسے اپ ڈیٹ کیا جا رہا ہے




