جاپان کا پاکستان کو 3.62 ملین ڈالر گرانٹ دینے کا اعلان

اسلام آباد: پاکستان سے پولیو کے خاتمے کیلیے جاپان کی حکومت نے 3.62 ملین ڈالر کی گرانٹ دینے کا اعلان کر دیا۔
جاپان کی جانب سے دی گئی گرانٹ سے پولیو کے خاتمے کیلیے 21 ملین سے زائد ویکسین کی خریداری کی جائے گی جو مہم کے دوران بچوں کو پلائی جائے گی۔
نگراں وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم خان نے اپنے بیان میں بتایا کہ پاکستان سے پولیو کا خاتمہ میری اور حکومت کی اولین ترجیح ہے، چیلنجز کے باوجود رواں سال پولیو کے خاتمے کیلیے پُرعزم ہیں۔
ڈاکٹر ندیم خان نے کہا کہ شراکت داروں کے ساتھ مل کر ہر بچے تک رسائی ممکن بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو وائرس سے ہمیشہ کیلیے نجات دلائیں گے۔
سال 2020 میں عالمی وبا کورونا کے دوران جاپان نے 1.54 بلین روپے کی گرانٹ فراہم کی تھی۔ گرانٹ سے ہیلتھ سے متعلقہ سامان کی خریداری میں مدد ملی تھی۔
دوسری جانب، سال نو کی پہلی انسداد پولیو مہم کا آغاز 8 جنوری سے ہوگیا ہے جس میں ساڑھے چار کروڑ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
پولیو مہم کا پہلا ملک گیر مرحلہ 8 سے 14 جنوری اور دوسرا مرحلہ 15 سے 19 جنوری تک لکی مروت، جنوبی وزیرستان میں جاری رہے گا۔
کراچی سمیت سندھ بھر میں مہم کے دوران ایک کروڑ اکتیس لاکھ بچوں کی ویکسی نیشن کی جائے گی، پنجاب میں دو کروڑ تیس لاکھ سے زائد اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں چھبیس لاکھ دس ہزار بچوں کی پولیو ویکسی نیشن ہوگی۔
اسی طرح، اسلام آباد، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں چودہ لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔



