کانٹینٹ کی آمدن بڑھانے کی گلوبل ایکسپرٹ زیبا قریشی

لندن کی زیبا قریشی گلوبل مارکیٹنگ اینڈ پارٹنرشپ ایکسپرٹ ہیں۔ آج کل گوگل کے ساتھ کام کر رہی ہیں لیکن ان کا کیریئر برطانیہ کے صف اول کے اداروں کے ایونٹس کے انعقاد اور تشہیر کے دلچسپ سفر پر مبنی ہے۔
زیبا قریشی ’ایک کپ چائے کراسنگ کلچرز‘ واڈکاسٹ کی آٹھویں قسط کی مہمان بنیں۔
میزبانوں مِم شیخ اور علی حمزہ سے گپ شپ کرتے ہوئے زیبا قریشی نے بتایا کہ وہ انٹرنیشنل بزنس اور بین الاقوامی تعلقات میں یونیورسٹی کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد مارکیٹنگ کے شعبے میں آئیں۔
کھیلوں میں ذاتی دلچسپی کی وجہ سے انہیں ومبلڈن ٹینس چیمپیئن شپ کے انعقاد کی تیاری میں شریک ہونے کا موقع ملا۔ میوزک انڈسٹری کے برِٹ ایوارڈز اور شاہی خاندان کے لیے ملکۂ برطانیہ کے کلب ٹورنامنٹ سمیت ملکہ کی ایک سالگرہ کی تیاری کے فرائض بھی سرانجام دیے۔
https://www.youtube.com/watch?v=cJjS0PArEqM
گوگل میں ملازمت سے قبل وہ بی بی سی ورلڈ نیوز کو کمرشل کرنے کے پراجیکٹ کا حصہ بنیں جو براڈکاسٹر کی 80 سالہ تاریخ کی سب سے بڑی تبدیلی تھی۔
جب زیبا سے پوچھا گیا کہ اتنے بڑے اداروں کے لیے ایونٹس اور تشہیر کا گُر کہاں سے سیکھا تو انہوں نے ہنستے ہوئے جنوبی ایشیا کے لوگوں میں عید اور شادی جیسے مواقع کو منانے کے لیے عالی شان انتظامات کے روایت کی مثال دی۔
انہوں نے کہا کہ ’دیسی ہونے کی وجہ سے میں، عید کو بڑا بنانے کے لیے گھر میں ہمیشہ آرگنائزر رہی ہوں۔ آپ کو ہزار مہمان چاہییں۔ میں لا کر دیتی ہوں۔‘
گوگل کے لندن کے آفس میں زیبا قریشی گلوبل پارٹنرشپ ٹیم کا حصہ ہیں جو پبلشرز اور ڈویلپرز کے لیے گوگل کی پراڈکٹس کو بہتر بنانے کا کام کرتی ہے اور کانٹینٹ بنانے والوں کے لیے فنڈنگ کے مواقع پیدا کرتی ہے۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
واڈکاسٹ کے دوران انہوں نے گوگل کے آفس میں کام کرنے کے ماحول، سہولتوں اور ملازمت کے لیے گوگل کی جانچ پڑتال جیسے موضوعات پر تفصیلی بات کی۔ دفتر کے جِم ایریا میں ’مساج‘ کی سہولت کو ذاتی فیورٹ قرار دیا اور بتایا کہ ادارے میں ملازمین کی انفرادی صلاحیتوں اور ضرورتوں کا بھرپور خیال رکھا جاتا ہے۔ انہوں نے بڑے برینڈز کی سپانسرشپ حاصل کرنے اور مانیٹائزیشن بڑھانے کے لیے کانٹینٹ کو پُرکشش بنانے کے گُر بھی بتائے۔
گوگل کے دفتر میں مسلمانوں کے لیے قائم مخصوص نیٹ ورک کی نگرانی بھی زیبا قریشی کے سپرد ہے اور اس کے علاوہ بھی وہ کمیونٹی میں رضاکارانہ طور ایسی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی ہیں جن کے ذریعے مسلم نوجوانوں میں اپنے پیشوں اور دفاتر میں بڑے عہدے حاصل کرنے کی صلاحیتیں پیدا ہو سکیں۔
ایک کپ چائے کراسنگ کلچرز، انڈپینڈنٹ اردو کی لندن سے واڈکاسٹ ہے جس کا مقصد برطانیہ میں پاکستانی اور جنوبی ایشیائی نژاد شخصیات کی کامیابیوں کی داستانوں کو اجاگر کرنا ہے۔ واڈکاسٹ میں جنوبی ایشیائی نژاد برطانوی شہریوں کی ثقافتی شناخت کی بُنت پر ہلکی پھلکی گپ شپ کی جاتی ہے۔



