مستونگ دھماکا، پولیس افسر سمیت 20 افراد شہید، 70 زخمی

بلوچستان کے ضلع مستونگ میں دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں اب تک کی اطلاعات کے مطابق پولیس افسر سمیت 20 افراد شہید جب کہ 70 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق جشن عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر دہشتگردی کا یہ واقعہ ضلع مستونگ کے قاضی کوڑا خان روڈ کے قریب پیش آیا ہے جہاں پولیس افسر سمیت 20 افراد شہید جب کہ 70 سے زائد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
پولیس کے مطابق دھماکے میں ڈی ایس پی سٹی نواز گورشکی بھی شہید ہوئے ہیں جب کہ کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے اور اموات کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور ہنگامی بنیادوں پر امدادی سرگرمیاں شروع کر دی گئی ہیں
زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اور کوئٹہ کے اسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے جب کہ ضلع بھر کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
دھماکے کے بعد کوئٹہ شہر سمیت ضلع مستونگ میں سیکیورٹی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔ کوئٹہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
پولیس نے دھماکے کو خودکش قرار دے دیا ہے اور سٹی تھانے کے ایس ایچ او کے مطابق خودکش بمبار نے ڈی ایس پی کی گاڑی کے قریب خود کو اڑایا۔
دوسری جانب سانحہ مستونگ پر بلوچستان حکومت نے صوبے میں تین روزہ سوگ منانے کا اعلان کیا ہے۔ نگراں وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے کہا ہے کہ سوگ منانے کا مقصد شہداکے خاندانوں سے اظہار یکجہتی ہے۔ سوگ کے دوران سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سر نگوں رہے گا۔



