پاک بھارت میچ کے بے نتیجہ اختتام پر شاہین شاہ نے کیا کہا؟

قومی کرکٹ ٹیم کے اسٹار فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے پاک بھارت بے نتیجہ میچ پر کہا ہے کہ اگر میچ مکمل ہوتا تو نتیجہ ہمارے حق میں ہوتا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ایشیا کپ 2023 کے سب سے بڑے ٹاکرے پاک بھارت میچ کے بارش کے باعث ادھورا رہ جانے سے جہاں کروڑوں شائقین کرکٹ شدید مایوس ہوئے وہیں قومی کرکٹرز بھی بارش سے جیتا ہوا میچ بے نتیجہ رہنے پر خوش نہیں ہیں۔
مایہ ناز فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی جنہوں نے چار بھارتی کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا انہوں نے میچ کے بعد گفتگو کرتے وہئے کہا کہ بارش کی وجہ سے میچ مکمل نہ ہو سکا، موسم کا ہم کچھ نہیں بگاڑ سکتے لیکن اگر میچ مکمل ہوتا تو نتیجہ پاکستان کی جیت کی صورت میں ہی آتا۔
شاہین شاہ کا مزید کہنا تھا کہ میچ میں کوشش کی تھی کہ نئے بال سے بریک تھرو لوں اور اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ اس میں کامیاب رہا۔ الحمد اللّٰہ اس میں کامیابی ہوئی۔
اسٹار فاسٹ بولر نے کہا کہ میچ کسی کے بھی خلاف ہو کوشش یہی ہوتی ہے کہ پہلے اوور میں ٹیم کے لیے بریک تھرو لوں، بھارت کے خلاف بھی یہی کوشش کررہا تھا کہ آگے سے سوئنگ کروں لیکن گیند رائٹ ایریاز میں سوئنگ نہیں ہو رہا تھا تاہم میچ کے دوران کوشش کر رہا تھا کہ زیادہ ڈاٹ بالز کریں تاکہ ان کے اوپر پریشر ڈالیں۔
شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ ان سوئنگ اور آؤٹ سوئنگ کا کمبی نیشن رکھا اور وہ کافی مددگار ثابت ہوا، پہلی دو وکٹیں آؤٹ سوئنگ کے کمبینیشن کی مدد سے لیں۔ میچ میں پوری قومی ٹیم کی پرفارمنس بہت اچھی رہی۔
انڈین میڈیا کے منہ پر طمانچہ، ان فٹ بولر ایسا فٹ ہوا کہ بھارتی بیٹنگ کی بینڈ بجا دی
شاہین آفریدی نے کہا کہ حارث رؤف کا رول یہ ہے کہ وہ اپنے پیس اور باؤنسرز سے اگلی ٹیم کو ڈرائیں، نسیم شاہ اور میری کوشش ہوتی ہے کہ ہم سوئنگ کے اوپر زیادہ جائیں۔ ہماری کوشش تھی کہ پارٹنرشپ میں باؤلنگ کرائیں۔ ویرات کوہلی کی وکٹ ہمارے لیے سب سے اہم تھی کیونکہ وہ انڈین بیٹنگ لائن کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔



