ورلڈ کپ: کوہلی صفر پر آؤٹ، بھارت کی 27 پر 2 وکٹیں گر گئیں

ورلڈ کپ کے 29 ویں میچ میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ کے خلاف بھارت کی دوسری وکٹ بھی گر گئی ویرات کوہلی صفر پر آؤٹ ہو گئے۔
بھارت میں جاری آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ میں لکھنو کے اٹل بہاری باجپائی اسٹیڈیم میں میگا ایونٹ کے 29 ویں میچ میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ نے میزبان انڈیا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے جو انگلش بولرز نے ابتدا میں دو وکٹیں لے کر درست ثابت کیا۔
انڈیا کی جانب سے کپتان روہت شرما اور شبھمن گل نے اننگ کا آغاز کیا تاہم پانچویں اوور میں بھارت کو گل کی صورت پہلا نقصان برداشت کرنا پڑا۔ ووکس نے 26 کے مجموعی اسکور پر شبھمن کو 9 کے انفرادی اسکور پر بولڈ کر دیا۔
روہت شرما کا ساتھ دینے ویرات کوہلی آئے مگر ویلے نے انہیں کھاتہ کھولنے کی زحمت بھی نہ دی۔ اس وقت کریز پر روہت شرما 20 رنز کے ساتھ موجود ہیں اور نئے آنے والے بیٹر شریاس ائیر ہیں۔
اس سے قبل انگلش کپتان جوز بٹلر نے ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ابھی تک ٹورنامنٹ میں اچھا نہیں کھیل سکے ہیں تاہم آج ٹاپ ٹیم کے خلاف اچھا پرفارم کرنا اور اپنا بہترین کھیل دکھانا چاہتے ہیں۔
بھارتی کپتان روہت شرما نے کہا کہ ہم اچھی کرکٹ کھیل رہے ہیں ٹاس سے اتنا فرق نہیں پڑتا اگر ہم ٹاس جیتتے تو پہلے بیٹنگ ہی کرتے۔
واضح رہے کہ ورلڈ کپ میں بھارت کی فتوحات لگا تار تو انگلش ٹیم مسلسل شکستوں سے دو چار ہے۔ میگا ایونٹ میں انڈیا اب تک اپنے پانچوں میچ جیت کر نا قابل شکست اور پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہے جب کہ انگلینڈ نے پانچ میں سے صرف ایک میچ جیتا ہے اور دو پوائنٹ کے ساتھ سب سے نچلی (دسویں) پوزیشن پر ہے۔
آج کے میچ میں بھارت کی فتح اسے سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بنا دے گی جب کہ انگلینڈ کی شکست اسے خالی ہاتھ وطن واپسی کا ٹکٹ تھما دے گی۔
ہیڈ ٹو ہیڈ مقابلوں میں بھارت کا پلڑا بھاری ہے۔ جس نے 106 میچوں میں 57 جیت رکھ ہیں جب کہ انگلینڈ نے 44 میں جیت اپنے نام کی ہے۔ تاہم ورلڈ کپ میں انگلش ٹیم کو سبقت ہے جس نے 8 باہمی میچز میں سے چار جیت رکھے ہیں تین میں فتح بھارت کے نام رہی جب کہ ایک میچ برابر رہا ہے۔
آج کے میچ کے لیے دونوں ٹیموں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔
انگلینڈ:
جوز بٹلر (کپتان)، جونی برسٹو، ڈیوڈ میلان، جو روٹ، بین اسٹوکس، لیام لیونگ اسٹون، معین علی، کرس ووکس، ڈیوڈ ویلی، عادل راشد اور مارک ووڈ۔
بھارت:
روہت شرما (کپتان)، شبھمن گل، ویرات کوہلی، شریاس ائیر، کے ایل راہول، سوریا کمار یادیو، رویندرا جڈیجہ، محمد شامی، جسپرت بمراہ، کلدیپ یادیو، محمد سراج۔



