ایس ایچ او مارگلہ سمیت 5 افسران تاحکم ثانی معطل

اسلام آباد: ترجمان اسلام آباد پولیس نے کہا ہے کہ بیرسٹر گوہر کے گھر پر جانے کے سلسلے میں ایس ایچ او مارگلہ سمیت 5 افسران کو تاحکم ثانی معطل کر دیا گیا۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق بیرسٹر گوہر کے گھر مقامی پولیس کے جانے پر انکوائری جاری ہے، اور ایس ایچ او مارگلہ سمیت 5 افسران کو تاحکم ثانی معطل کر دیا گیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ ڈاکٹر اکبر ناصر نے ڈی پی او سٹی کو انکوائری افسر مقرر کر دیا ہے، اور انھیں رپورٹ 3 دن میں جمع کرانے کا کہا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق 13 جنوری کو مقامی پولیس مخبر کی اطلاع پر اشتہاری کی تلاش میں ایف سیون 2 پہنچی، تو معلوم ہوا کہ گھر بیرسٹر گوہر کا ہے، اس لیے پولیس فوری واپس آ گئی، تاہم بیرسٹر گوہر نے سپریم کورٹ میں اپنے گھر پولیس جانے کی شکایت کی۔
ترجمان کے مطابق چیف جسٹس نے کیپٹل سٹی پولیس آفیسر کو طلب کیا اور معاملے کی تحقیق کا حکم جاری کیا، معزز عدالت نے آئی سی سی پی او کو ذاتی طور پر چیئرمین پی ٹی آئی کی شکایت سننے کی ہدایت کی، جب کہ آئی سی سی پی او اکبر ناصر نے تحقیق اور پولیس افسر کے قصور وار ہونے پر کارروائی کا یقین دلایا۔
اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے کہا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔




