وطن عزیز پاکستان میں اِس وقت اڑھائی کروڑ کے قریب نوجوان تعلیمی اداروں اور کھیلوں سمیت ہرشعبہ میں نمایاں کردار اداکررہے ہیں۔خصوصاً آئی ٹی کے شعبہ میں بھی پاکستانی نوجوانوں کی اکثریت نمایاں کردار اداکررہی ہے۔اگر پاکستان کی تاریخ پر نظر دوڑائیں تووطن عزیز پاکستان کیلئے نوجوان قیادت نے ہمیشہ صف اول کا کردار اداکیا۔شاعر مشرق حکیم الامت،ڈاکٹرعلامہ محمد اقبال کی شاعری کا مخاطب ہی نوجوان ہیں۔بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے بھی ہمیشہ نوجوانوں کی اہمیت اور پاکستان کیلئے بنیادی اساس قرار دیا۔
قارئین کرام!اِس وقت وطن عزیز پاکستان میں مسلم لیگ ن کی جمہوری حکومت قائم ہے۔اور پاکستان کی تاریخ اْٹھا کر دیکھ لیں نوجوانوں کیلئے جتنے اقدامات مسلم لیگ ن کے دور میں ہوئے ہیں شاید ہی کسی اور دور میں ہوئے ہوں۔وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمدشہبازشریف کا دوروزارت اعلیٰ دیکھ لیں جتنے اقدامات نوجوانوں کیلئے کئے گئے وہ مثال ہیں خصوصاً لیپ ٹاپ سکیم ان میں سب سے زیادہ نمایاں ہے۔وزیر اعظم محمد شہبازشریف نے وزارت عظمیٰ کا قلمدان سنبھالنے کے بعد وزیراعظم یوتھ پروگرام کا اجراء کیے جس کے ثمرات آج پورے ملک کے نوجوانوں کو میسر ہورہے ہیں۔اِس وقت وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان ہیں اور اِن کی سربراہی میں اِس وقت نوجوانوں کیلئے تعلیم، فنی تعلیم، کھیل اور کلچر سمیت دیگر شعبوں میں روزانہ کی بنیاد پرنئے عوامل شامل ہورہے ہیں۔گزشتہ روز وطن عزیز پاکستان میں وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے تحت 21نومبر سے یونیورسٹی اولمپیاڈ کا انعقاد کیاجارہا ہے جس کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے تفصیلاً بتایا کہ ہم ملک میں مثبت سرگرمیوں کے فروغ کیلئے کام کررہے ہیں۔ کاپ 29 کانفرنس میں پاکستانی پویلین مرکز نگاہ ہے۔ وزیراعظم محمد شہبازشریف کی کاپ 29 کانفرنس میں شرکت کے موقع پر کئی اہم رہنماؤں سے ملاقاتیں ہوئیں، جس کی وجہ سے دنیا پاکستان کی طرف رخ کررہی ہے، 14 ممالک سے 50 کھلاڑی ٹینس چیمپین شپ میں شرکت کر رہے ہیں، 7ممالک کے کھلاڑی سکوائش کھیلنے آئے ہوئے ہیں، ہر ماہ بڑی تعداد میں سیاح، کھلاڑی اور سرمایہ کار پاکستان آرہے ہیں۔ چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام نے کہا کہ یونیورسٹی اولمپیاڈ 21 نومبر سے 23 نومبر تک لیاقت جمنیزیم میں کھیلی جائے گی جس میں ملک بھر سے 30ہزار ایتھلیٹس حصہ لے رہے ہیں۔ وزارت اطلاعات و نشریات و ثقافتی ورثہ، وزارت بین الصوبائی رابطہ، ایچ ای سی، اسلام آباد انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے تعاون پر ان کے مشکور ہیں۔ ان کے مشترکہ تعاون سے ملک کامثبت تشخص اجاگر ہو رہا ہے۔ یونیورسٹی اولمپیاڈ میں 10کھیل شامل ہیں۔ ان مقابلوں میں شرکت کیلئے تمام ممالک کے سفیروں، متعلقہ فریقوں، ترقیاتی شراکت داروں اور کھیلوں کی تنظیموں کو دعوت د ی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس میگاایونٹ میں شریک باصلاحیت کھلاڑیوں کو ہمیں سپورٹ کرنی چاہیے اور ان کا خیرمقدم کرنا چاہیے۔وطن عزیز پاکستان اِس وقت دْنیا میں اپنا نمایاں کردار ثابت کررہا ہے معیشت ہویا فلسطین یا کشمیر کے مظلوم مسلمان ۔پاکستان کا ہمیشہ واضح اور دوٹوک موقف رہا ہے۔حکومت پاکستان ملک کے مضبوط مستقبل کیلئے کام کررہی ہے۔اگر بغور جائزہ لیاجائے توگزشتہ چند سالوں میں ایک نوجوانوں کے ٹولے کوجو ایک سیاسی جماعت کی جانب سے تربیت دی گئی ہے وہ سوائے بدتمیزی اور جاہلانہ حرکات کے کچھ نہیں۔ایک طرف حکومت نوجوانوں کیلئے مثبت سرگرمیوں کے حوالے سے اقدامات کررہی ہے تو دوسری جانب ایک سیاسی بونوں کی جماعت کی جانب سے وفاق پر چڑھائی کا درس دیاجارہا ہے۔ایس سی او میں شریک ممالک پاکستان کی ترقی میں شمولیت کے لئے آ رہے تھے لیکن اس موقع پر بھی سیاسی بونوں کی جماعت نے احتجاج کیا جس کا کوئی جواز نہیں بنتا تھا۔اس جماعت کے دور میں پاکستان میں کوئی سرمایہ کاری نہیں آئی اور ا ب بھی وہ چاہتے ہیں کہ پاکستان میں کوئی سرمایہ کاری نہ آئے۔لیکن یہ سیاسی بونے یادرکھیں کہ پاکستانی قوم نے اِن کا بیانیہ ہمیشہ مسترد کردیا ہے۔ خوشحال مستقبل پاکستانی نوجوانوں کا حق ہے اوریقینا حکومت کی جانب سے یونیورسٹی اولمپیاڈ کاکامیابی سے انعقاد ہوگا۔
Follow Us