شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار عثمان مختار نے کبریٰ خان کی دلچسپ شرارت سے متعلق بتاتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ان کے ساتھ مزید کام نہیں کرنا چاہتے۔
اداکار و ہدایت کار عثمان مختار نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی جہاں میزبان نے ان سے سوال کیا کہ انڈسٹری کی کوئی ایسی اداکارہ ہے جس کے ساتھ آپ کام نہیں کرنا چاہتے؟
عثمان مختار نے فوری اداکارہ کبریٰ خان کا نام لیا اور کہا کہ وہ میری بہت اچھی دوست ہے لیکن اس کے ساتھ کام نہیں کرنا چاہتا کیونکہ وہ سیٹ پر بہت ٹرول کرتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ایک بار کبریٰ خان سیٹ پر وی آر گلاسز لے کر آئی اور مجھے کہا کہ اسے پہنو، میں نے وہ پہن لیا جس میں دیکھا کہ ایک ورچوئل بلڈنگ کے اوپر ایک لکڑی کا تختہ ہے جس پر میں کھڑا ہوں۔
اداکار نے بتایا کہ وی آر گلاسز پہننے کے بعد یوں محسوس ہوتا ہے کہ آپ اس ورچوئل دنیا کا حصہ ہیں، مجھے بلندی سے خوف آتا ہے پھر کبریٰ نے مجھے ایک دم دھکا دے دیا اور مجھے لگا کہ میں سچ میں گر رہا ہوں، میں چیخنے لگا تو اس نے میرے تاثرات ریکارڈ کرلیے اور میری سالگرہ پر یہ پوسٹ شیئر کردی۔
واضح رہے کہ عثمان مختار اور کبریٰ خان نے نجی ٹی وی کے ڈرامہ سیریل میں اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔