اکثر خواتین کیلیے گیس کے چولہے پر کھانا پکانا آسان ہوتا ہے، تاہم اس کی قلت کے باعث گیس کے متبادل کی تلاش بڑھ رہی ہے جو یقینی طور پر اہم ضرورت بھی ہے، عوام کی بڑی تعداد الیکٹرک ہیٹرز یا ڈیسک ٹاپ الیکٹرک چولہے خرید رہی ہے۔
ویسے تو عام طور پر گیس کے چولہوں سے نکلنے والی تیز آگ کھانا پکانے میں بہت مددگار ہوتی ہے لیکن موجودہ قلت کی صورتحال میں کھانا پکانے کے متبادل ذرائع حاصل کرنے کی کوششیں بھی کی جارہی ہیں۔
زیر نظر مضمون میں گیس کے چولہوں کے متبادل کے طور پر کچھ ایسے ذرائع کے بارے میں بیان کیا جارہا ہے جو بہت کارآمد ثابت ہوسکتے ہیں۔
الیکٹرک ہیٹرز یا الیکٹرک چولہے
بازار میں دو اقسام کے چولہے دستیاب ہیں جن میں ایک الیکٹرک ہیٹر ہے اور دوسرا انڈیکشن، انڈیکشن چولہے کی خاص بات یہ ہے کہ غلطی سے اس پر ہاتھ لگ بھی جائے تو کوئی نقصان نہیں پہنچتا جبکہ الیکٹرک ہیٹر کے اوپر ایک کوائل ہوتی ہے جو کرنٹ ملنے کی صورت میں تیز گرم ہوجاتی ہے، یہ چولہے گیس کے چولہوں کے مقابلے میں گرم اور ٹھنڈا ہونے میں وقت لیتے ہیں۔
تاہم انڈیکشن چولہوں کے لیے مخصوص دھاتوں سے تیار کیے گئے برتنوں کی ضرورت ہوتی ہے جنہیں عام طور پر ’نان اسٹک‘ کہا جاتا ہے۔
پورٹیبل اور کاؤنٹر ٹاپ آلات:
وہ لوگ جو صرف بنے بنائے کھانے گرم کرتے ہیں وہ عام طور پر پورٹیبل اور کاؤنٹر ٹاپ آلات جیسے کہ ٹوسٹر اوون، ایئر فرائیرز اور سِلو کُکر وغیرہ استعمال کرتے ہیں۔،
مذکورہ آلات دیگر چولہوں کے مقابلے میں کم توانائی استعمال کرتے ہیں جس سے یہ نہ صرف کم خرچ ہوتے ہیں بلکہ ماحول دوست بھی ہیں اور استعمال میں آسان ہوتے ہیں۔
بائیو ایندھن کا استعمال
ایسے افراد جو قدرتی گیس یا بجلی تک رسائی نہیں رکھتے ان کیلیے بایو ایتھنول یا پروپین برنرز ایک پورٹیبل (قابلِ نقل) حل ہے۔ یہ ایندھن آسانی سے دستیاب ہوتا ہے اور چھوٹے، ہلکے وزن کے چولہوں میں استعمال کیے جاسکتا ہے۔
تاہم اس قسم کے ایندھن کو گھر کے اندر جلانے سے مختلف مسائل پیدا ہوسکتے ہیں جس کے تدارک کیلئے ہوا دان (وینٹی لیشن) کا ہونا بھی لازمی ہے۔
صحیح متبادل کا انتخاب :
آپ کے لیے بہترین متبادل آپ کے کھانا پکانے کے انداز، بجٹ اور باورچی خانے کے سیٹ اپ پر منحصر ہے تاہم کچھ ایسے عوامل بھی ہیں جنہیں مد نظر رکھنا ضروری ہے۔
ابتدائی لاگت : انڈکشن چولہوں کی ابتدائی قیمت زیادہ ہوتی ہے جبکہ الیکٹرک اور پورٹیبل آپشنز عام طور پر کم قیمت ہوتے ہیں۔
باورچی خانے کا بنیادی ڈھانچہ : کیا آپ کے باورچی خانے میں بجلی کی وائرنگ معیاری ہے جو برقی آلات کے استعمال کیلئے موزوں ہے؟
تبدیلی کا عمل :
گیس سے الیکٹرک یا انڈکشن چولہوں کی جانب منتقلی کا عمل پیچیدہ نہیں ہے، جدید الیکٹرک اور انڈکشن چولہوں میں وہی خصوصیات موجود ہیں جو عام طور پر گیس کے چولہوں میں ہوتی ہیں۔
تھوڑی سی تحقیق اور منصوبہ بندی کے ساتھ آپ اپنے باورچی خانے اور کھانا پکانے کے لئے گیس کا بہترین متبادل تلاش کر سکتے ہیں۔